’شہباز شریف کو بہت شوق تھا اچکن کا، اب دیں عوام کو جواب‘
’شہباز شریف کو بہت شوق تھا اچکن کا، اب دیں عوام کو جواب‘
بدھ 18 مئی 2022 18:36
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں پہلے وزیراعظم کو نکالے جانے پر مٹھائیاں بانٹی جاتی تھیں جبکہ اس بار قوم سڑکوں پر نکل آئی ہے۔
بدھ کو گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے پارٹی وفادرای تبدیل کرنے والے ارکان کے خلاف فیصلہ دینے پر سپریم کورٹ کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ’حمزہ شہباز کو اچکن اتارنا پڑ رہی ہے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ایک صحافی نے جب ان سے پوچھا کہ آپ کی حکومت کس نے گرائی، تو میں اس سے پوچھا، کوئی رہ گیا تھا؟ سارے ہی شامل تھے۔‘
عمران خان نے ایک بار پھر مبینہ امریکی سازش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کے ذریعے ملک کے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو اکٹھا کر کے 22 کروڑ لوگوں کی منتخب حکومت کو گرایا گیا۔‘
انہوں نے جلسے کے شرکا سے پوچھا کہ کیا انہیں معلوم ہے کہ وہ انہیں کیوں اسلام آباد بلا رہے ہیں؟
اور پھر اس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’ملک کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کے لیے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں آپ کو بتاتا ہوں کہ ہمارے خلاف جو ہوا وہ سازش تھی یا مداخلت۔ پہلے سازش ہوتی ہے اس کے بعد مداخلت ہوتی ہے۔‘
انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج کل بہت خوش ہیں۔
’سندھ بھی سنبھالا ہوا ہے، پیسہ بھی بنا رہے ہیں اور گالیاں مسلم لیگ ن کو پڑ رہی ہیں۔‘
ان کے مطابق ’شہباز شریف وزیراعظم تو بن گئے ہیں لیکن انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ کیا ہو رہا ہے۔‘
انہوں نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’بہت شوق تھا اچکن سلوانے کا، اب جواب دیں لوگوں کو۔‘
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف پھنس گئے ہیں۔ ’ان کے آگے سمندر ہے اور پیچھے پوری قوم کے ساتھ عمران خان کھڑا ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ سب تیاری کر لیں، اسی ماہ اسلام آباد میں حقیقی آزادی کی جنگ جیت کر نیا پاکستان بنائیں گے۔