2030 تک آٹھ ہزار کلو میٹر طویل ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ
2030 تک آٹھ ہزار کلو میٹر طویل ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ
بدھ 18 مئی 2022 22:32
ریل کے مسافروں کی تعداد 3.11 ملین تک پہنچ گئی ہے( فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی عرب میں پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر رمیح الرمیح نے مشرق وسطی ریلوے کانفرنس اور نمائش میں شرکت کے موقع پر مملکت میں ریلوے کے اہم ترین منصوبوں کا جائزہ پیش کیا ہے۔
دو روزہ مشرق وسطی ریلوے کانفرنس اور نمائش ابوظبی میں ہو رہی ہے۔
کانفرنس میں عرب ٹرانسپورٹ سیکٹر کے فیصلہ ساز ادارے اور دنیا کے مختلف علاقوں سے 250 کمپنیاں شرکت کررہی ہیں۔ پورے خطے میں ریلوے کے ایگزیکٹیو چیئرمینز اور 600 اہم شخصیات شریک ہیں۔
الاقتصادیہ کے مطابق ڈاکٹر رمیح الرمیح نے کہا کہ’ ہمارا بڑا ہدف 2030 تک مملکت میں 8 ہزار کلو میٹر سے زیادہ طویل ریلوے لائن بچھانا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ’ اب سے 70 برس قبل شاہ عبدالعزیز نے ریلوے لائن کا افتتاح کیا تھا۔ مملکت میں اب تک 5 ہزار کلو میٹر سے زیادہ طویل ریلوے لائن بچھائی جاچکی ہے‘۔
پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سربراہ نے کہا کہ’ قومی حکمت عملی کے تحت 2030 تک 8 ہزار کلو میٹر طویل ریلوے لائن بچھانے کا منصوبہ ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ سال رواں 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران ریل کے مسافروں کی تعداد 3.11 ملین تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں 208 فیصد شرح نمو ہے۔
انہوں نے بتایا ریلوے سے تین ملین ٹن سے زیادہ سامان منتقل کیا گیا۔ شرح نمو 26 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔