Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں اب شاپنگ بیگز مفت نہیں ملیں گے، ابوظبی اور دبئی میں قیمت کتنی؟

ابوظبی میں فی  شاپنگ بیگ نصف درہم وصول کیے جائیں گے(فوٹو امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں اب شاپنگ بیگز مفت نہیں ملیں گے، ان کی قیمت وصول کی جائے گی۔
ابوظبی شاپنگ سینٹرز نے کہا ہے کہ یکم جون سے فی  شاپنگ بیگ نصف درہم وصول کیے جائیں گے۔
الامارات الیوم کے مطابق یکم جون سے ابوظبی میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی کے بعد ان کی جگہ ماحول دوست شاپنگ بیگ نصف درہم سے تین درہم تک میں مہیا ہوں گے۔ بیگ کے سائز کے لحاظ سے اس کی قیمت ہوگی۔
صارفین کا کہنا ہے کہ آئندہ ماہ سے ایک اور خرچ بڑھے گا۔ 
شاپنگ سینٹرز کے ذمہ داران کا موقف ہے کہ ’ یکم جون سے پلاسٹک بیگ کی بندش ابوظبی محکمہ ماحولیات کا فیصلہ ہے‘۔
دوسری طرف دبئی کی بلدیاتی کونسل نے شاپنگ سینٹرز میں پلاسٹک بیگز پر 25 فلس فیس مقرر کی ہے۔
یکم جولائی سے اس پرعمل درآمد شروع ہوگا۔ پلاسٹک بیگز کا استعمال آئندہ دو برس کے دوران مکمل طور پر بند کردیا جائے گا۔  
امارات الیوم کے مطابق بلدیاتی کونسل نے بیان میں کہا کہ’ تمام شاپنگ سینٹرز پلاسٹک بیگ پر فیس وصول کریں۔۔ پلاسٹک بیگ کے متبادل شاپنگ سینٹرزمیں مہیا ہوں اوران کی قیمتیں متعین کی جائے‘۔
بلدیاتی کونسل کا کہنا ہے کہ ’ہر قسم کے ڈسپوزیبل شاپنگ بیگز پر یکم جولائی سے 25 فلس فیس وصول کی جائے گی۔ ان میں 57 مائیکرو میٹر سے کم حجم والے کاغذ یا گتے کے بیگز شامل ہیں۔ شاپنگ سینٹرز یکم جولائی سے متبادل بیگ فراہم کرنے کے پابند نہیں ہوں گے‘۔

 

شیئر: