Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فوج نے 27 شہروں میں ’ہیٹ ویو ریلیف سینٹرز‘ قائم کر دیے: آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق سینٹرز پر ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچا دیا گیا ہے (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کی فوج نے ملک بھر میں شدید گرمی سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سینٹرز قائم کر دیے ہیں۔
سنیچر کو فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ تھر اور چولستان کے علاقوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
بیان کے مطابق ’سندھ اور بلوچستان کے شہروں کراچی، حیدر آباد، میرپور خاص، بدین اور دادو میں 27 ہیٹ سٹروک کیمپس بنائے گئے ہیں۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’پنجاب کے شہروں میں بھی ہیٹ سٹروک ریلیف سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں عام لوگوں کی زندگیوں کو آسان بنانے کے لیے پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کے ذریعے ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔‘
بیان میں بتایا گیا ہے تمام طبی سہولتیں اور ادویات ان سینٹرز پر پہنچا دی گی ہیں۔ ان سینٹرز پر ہیٹ سٹروک کے باعث پانی کی کمی کا شکار ہونے والے افراد اور گیسٹرواینٹریسٹس کے مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔
خیال رہے پچھلے دو ہفتے سے ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے تاہم جمعرات کی شام کو اسلام آباد سمیت قریبی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم کچھ بہتر ہوا تاہم دیگر علاقے گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔
اسی طرح بلوچستان کے کئی علاقے خشک سالی کا شکار ہیں جس سے انسانوں اور مویشیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
گزشتہ دنوں صوبہ سندھ میں بھی گرمی کی شدید لہر ریکارڈ کی گئی۔
سندھ کے شہر جیکب آباد میں گزشتہ ہفتے درجہ حرارت 51 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا تھا۔ جس کے بعد سکولوں میں بچوں کے متاثر ہونے کے واقعات پیش آئے۔
یاد رہے کہ ماحولیاتی این جی او جرمن واچ کے مرتب کردہ گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس کے مطابق پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شدید خطرے سے دوچار آٹھواں ملک ہے۔

شیئر: