Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکن ٹیم کے کوچ جاوید میانداد کے مداح

1986 میں آسٹریلیشیا کپ کے فائنل کا تاریخی ’چھکا‘ ہو یا 1992 کا ورلڈ کپ، لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد کو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔
یہی وجہ ہے کرکٹ کی دنیا میں جاوید میانداد کا نام پاکستان کے ہیرو کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے اس وقت پاکستانی کھلاڑیوں کی امید بندھائی جب وہ نفسیاتی دباؤ کا شکار تھی۔
کرکٹ کے اس لیجنڈ کی مقبولیت اب بھی کسی طور کم نہیں ہو سکی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سری لنکن ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ ہاشان تلکارتنے نے جاوید میانداد سے ملنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
پیر کو کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہاشان تلکارتنے نے بتایا کہ ’جاوید میانداد میرے پسندیدہ کرکٹر ہیں، ان سے ملاقات کرنا چاہتا ہوں۔ پاکستان سے ہماری اچھی یادیں وابستہ ہیں۔ ہماری ویمن ٹیم اچھی تیاری کے ساتھ پاکستان آئی ہے۔ امید ہے سریز اچھی ہوگی۔‘
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان دورے کے موقع پر اچھے اتنظامات کیے ہیں۔ پاکستان اور سری لنکا بہت اچھے دوست ہیں۔ پاکستان میں کھیلنے کی بہت اچھی یادیں ہیں۔ ہم نے اپنا ورلڈکپ بھی پاکستان میں ہی جیتا تھا۔ جب ہم لاہور ائیرپورٹ پر اترے تو عوام نے ہمارا شاندار استقبال کیا اور فائنل میچ میں بھی عوام نے ہمیں بہت سپورٹ کیا جسے میں کبھی نہیں بھلا سکتا ہوں۔‘
سری لنکن ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ کے بقول ’پاکستان دوسرے گھر کی طرح ہے۔ آخری دو سال ہمارے لیے بہت مشکل گزرے۔ یہ سیریز ہمارے لیے ایک بہت اچھا موقع ہے۔‘

پاکستان اور سری لنکن ویمن کرکٹ ٹیمز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ  24 مئی کو کراچی میں کھیلا جائے گا (فوٹو: آئی سی سی)

سری لنکا کے موجودہ حالات کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’سری لنکا میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ ہمارے بس میں نہیں ہے۔ ہم نے اپنا فوکس کرکٹ پر رکھا ہوا ہے۔‘
ہاشان تلکارتنے کا مزید کہنا تھا کہ ’پاکستان کی ویمن ٹیم بہت اچھی ہے، سیریز جیتنا ہمارے لیے چیلنج ہوگا۔ اگر ہم نے اپنی صلاحیت پر کھیلا تو سیریز جیت جائیں گے۔‘
دوسری قومی ویمن کپتان بسمہ معروف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے سیریز کے لیے اچھی تیاری کی ہے۔ ہمارا فوکس سری لنکن ٹیم پر نہیں اپنی طاقت پر ہے۔ ہم پر میزبان ٹیم کی حیثیت سے کوئی دباؤ نہیں ہے۔ ‘
انہوں نے ٹیم میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’ٹیم میں کوئی اختلافات نہیں ہیں۔ جویریہ خان کو ڈراپ کرنے کے بارے میں سلیکٹرز ہی بتا سکتے ہیں۔‘
بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ ’لیگز ہماری لڑکیوں کے لیے بہت اچھا موقع ہے۔ لیگز میں ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔ ٹیم کو فٹنس میں بہت زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔ ہم فٹنس کے معاملے پر کافی پیچھے ہیں۔‘ 
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکن ویمن کرکٹ ٹیمز کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ  24 مئی کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔ جبکہ دوسرا میچ 26 اور تیسرا 28 مئی کو کھیلا جائے گا۔ اس سلسلے میں دونوں ٹیمیں کراچی کے سخت موسم میں بھی پریکٹس جاری رکھی ہوئی ہیں۔

شیئر: