Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دنیا کے روشن مستقبل کے لیے سازگار حالات پیدا کرنا ہوں گے: سعودی کابینہ

کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب نے اس یقین کا اظہارکیا ہے کہ ’پوری دنیا کے روشن مستقبل کے لیے سازگار حالات پیدا کرنا ہوں گے‘۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں کابینہ کے اجلاس نے مالیاتی ٹیکنالوجی کی حکمت عملی کی بھی منظوری دی ہے۔ 
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جدہ کے قصرالسلام میں اجلاس کے دوران کابینہ نے بین الاقوامی خوراک کانفرنس میں پیش کردہ موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ’مشرق وسطی سمیت پوری دنیا کے روشن مستقبل کے لیے سازگار حالات فراہم کرنا ہوں گے‘۔

اجلاس نے مالیاتی ٹیکنالوجی کی حکمت عملی کی منظوری دی ہے(فوٹو ایس پی اے)

اجلاس میں کہا گیا کہ ’اس حوالے سے اقوام عالم کی امنگیں اسی وقت پوری ہوں گی جب ترقیاتی عمل میں معاون حالات مہیا ہوں گے۔ ماحولیاتی چیلنجوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ترقی پذیر ممالک کی مدد میں انسانیت نواز کردار جاری رکھنا ہوگا۔ غربت اور فاقے کو قابو کرنے کے لیے خوراک  کے بہترت انتظامات کرنا ہوں گے‘۔
  شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے گزشتہ دنوں متعدد ملکوں کے ساتھ  مذاکرات اور مشاورت کے نتائج سے کابینہ  کو آگاہ کیا۔
قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ’ امریکہ اور سعودی عرب کی وزارت دفاع  کے درمیان مشترکہ سٹراٹیجک منصوبہ بندی نیزسعودی عرب اور الجزائر کے درمیان سیاسی مشاورت اور خطے سمیت دنیا بھر میں امن و استحکام مضبوط کرنے کے لیے باہمی تعاون اور یکجہتی کے فروغ جیسے موضوعات کا جائزہ پیش کیا گیا‘۔  
اجلاس میں متعدد قومی امور ومسائل بھی زیر بحث آئے۔ قومی معیشت کے گراف، قومی بجٹ کے نتائج اورسال رواں 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران سرکاری اداروں کی کارکردگی پررپورٹیں پیش کی گئی ہیں۔
اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ’ سعودی وژن 2030 کے اہداف حاصل کرنے کے لیے اقتصادی اصلاحات اور اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا‘۔
سعودی کابینہ نے برطانیہ اورشمالی آئرلینڈ کے ساتھ سٹراٹیجک شراکت کونسل کی تشکیل سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی ہے۔
کابینہ نے کولمبیا کے ساتھ سیاسی مشاورت کی مفاہمتی یادداشت اور سرالیون کے ساتھ سیاسی مشاورت سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر خارجہ کو تفویض کیا۔
سنگاپور کے ساتھ کسٹم مسائل میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی منظوری دی گئی ہے۔ 

شیئر: