Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم جاری، 12 ہزار سے زیادہ افراد گرفتار

’گرفتار شدگان کی کل تعداد میں سے 7626 افراد اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے‘ (فوٹو: سبق)
غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف مہم کے دوران گزشتہ ہفتہ 12 ہزار 358 افراد پکڑے گئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق گرفتار شدگان کی یہ تعداد 19 مئی سے 25 مئی 2022 کے دوران ہونے والی تفتیشی کارروائیوں کے دوران ہوئی ہے۔
غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم چلانے والی مشترکہ کمیٹی نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان کی کل تعداد میں سے 7626 افراد اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے‘۔
’اسی طرح 3237 گرفتار شدگان سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے جبکہ 1495 لیبر قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث تھے‘۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ ’گزشتہ ہفتے 285 افراد گرفتار ہوئے ہیں جو سعودی عرب کی سرحد عبور کرکے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے‘۔
’ان میں سے 67 فیصد یمنی، 32 فیصد ایتھوپی جبکہ ایک فیصد دیگر ملکوں کے تارکین تھے‘۔
’اسی طرح 117 افراد گرفتار ہوئے ہیں جو سرحد عبور کرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے‘۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ ’غیر قانونی تارکین کے ساتھ تعاون کرنے پر 8 افراد بھی گرفتار ہوئے ہیں‘۔

شیئر: