سعودی عرب میں کبوتروں کا مقابلۂ حسن، فاتح جوڑی 55 ہزار ریال میں فروخت
سعودی عرب میں کبوتروں کا مقابلۂ حسن، فاتح جوڑی 55 ہزار ریال میں فروخت
اتوار 29 مئی 2022 5:15
مقابلے کا اہتمام سعودی کبوترکلب کی زیرنگرانی کیا گیا( فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں سات سال بعد کبوتروں کا مقابلہ حسن منعقد کیا گیا جس میں مختلف ممالک سے کبوتربازی کا شوق رکھنے والے 16 افراد نے شرکت کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق کبوتروں کی کامیاب قرار پانے والی جوڑی 55 ہزار ریال میں فروخت کی گئی۔ کبوتروں کے مقابلے کا اہتمام سعودی کبوترکلب کی زیر نگرانی کیا گیا تھا۔
کبوتروں کے مقابلہ حسن میں سعودی عرب کے مختلف شہروں اور یورپ و امریکہ کے علاوہ افریقہ اور خلیجی ممالک سے بھی بڑی تعداد میں شائقین شریک ہوتے ہیں۔
کبوتر کلب کے صدر اور اس میدان میں عالمی شہرت یافتہ ریفری ’ماہراحمد اللحیانی‘ نے بتایا کہ کلب کے زیراہتمام کبوتروں کاعالمی مقابلہ حسن اس سے قبل 2015 میں منعقد کیا تھا۔
اللحیانی نے مزید بتایا کہ اس سال منعقد ہونے والے کبوتروں کے مقابلہ حسن میں کبوتربازی کے عالمی شہرت یافتہ شائقین بحرین، امارات، بھارت اور دیگر ممالک سے شریک ہوئے۔
مقابلے کی شرائط کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہترین کبوتر کا ٹائٹل حاصل کرنا انتہائی مشکل امر ہوتا ہے۔ جس کے لیے مقابلے میں شریک کبوتر کی عمر، رنگ، وزن، نسل، چال ڈھال اور پروں کا پھیلاؤ اور بہت کچھ دیکھا جاتا ہے۔
مختلف نسلوں کے کبوتروں کا مقابلے میں شرکت سے قبل اندراج کرایا جاتا ہے اورعمر و قدوقامت کے اعتبار سے مقابلے میں شریک کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مقابلے میں ٹائٹل حاصل کرنے والے کبوترکی ڈیمانڈ میں غیرمعمولی اضافہ ہوجاتا ہے۔