سرینگر۔۔۔۔نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ نے کشمیر کے ضمنی انتخاب میں کامیابی کے بعد مطالبہ کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں گورنر راج نافذ کردیا جائے کیونکہ حکومت پرامن انتخاب کرانے میںناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گورنر اور ہند کے صدر سے اپیل کرتا ہوں کہ کشمیر کی حکومت کو برطرف کیا جائے تاکہ لوگ سکون کا سانس لیں اور یہ احساس ہوکہ آئندہ ضمنی انتخاب جیسی صورتحال پیدا نہ ہوگی۔ اننت ناگ میں انتخابات گورنر راج کے تحت ہونے چاہئیں ورنہ لوگوں کو انصاف نہیں مل سکے گا۔انہوں نے انتخابی مہم کے دوران تشدد میں مارے جانیوالے8نوجوانوں کو شہید قراردیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی دوسرے زخمی اسپتالوں میں جبکہ متعدد افراد جیلوں میں ہیں۔