Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

داخلی عازمین حج کی رجسٹریشن کا آغاز، اعتمرنا پر بھی سہولت

’منی ٹاورز‘ کیٹگری کےلیے فی شخص 14 ہزار 737 ریال رکھے گئے ہیں (فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت حج وعمرہ نے حج 2022 کے لیے آج سے داخلی عازمین حج کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے۔ اندراج نو دن، 11 جون   تک جاری رہے گا۔ 
داخلی عازمین کےلیے 14 ہزار سے 10 ہزار ریال تک کے پیکیج مقرر کیے گئے ہیں۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ کے ٹوئٹرپرکہا گیا ہے کہ مملکت کے شہری اور مقیم غیر ملکی جو امسال حج کرنے کے خواہاں ہیں وہ وزارت کی ویب سائٹ  یا اعتمرنا ایپ کے ذریعے حج درخواستیں اپ لوڈ کرسکتے ہیں۔
حج رجسٹریشن 12 جون 2022 تک جاری رہے گی جس کے بعد کامیاب امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیاجائے گا۔ وزارت کا مزید کہنا تھا کہ حج رجسٹریشن کے لیے مقررہ کوائف کے مطابق امیدواروں کا انتخاب کیاجائے گا۔
دریں اثنا اخبار 24 نے وزارت حج کے حوالے سے کہا ہے کہ حج رجسٹریشن کی سہولت ’اعتمرنا ایپ ‘ پربھی فراہم کی گئی ہے۔
داخلی عازمین کےلیے3 تین کیٹگریز مقرر کی گئی ہیں جن میں منی ٹاورز ، ضیافہ ون ، اور ضیافہ ٹو شامل ہیں۔ ضیافہ  پیکیج میں جو خیمے مخصوص کیے گئے ہیں ان کا معیار ہوٹلوں میں فراہم کی جانے والی خدمات کے مساوی ہے۔
امسال اندرون  وبیرون مملکت سے مجموعی طورپر10 لاکھ افراد کا کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ وزارت کی جانب سے حج  کےلیے زیادہ سے زیادہ 65 برس عمر کی حد مقرر کی گئی ہے جبکہ کووڈ ویکسینیشن کی شرط بھی موجود ہے۔

امسال عمرکی انتہائی حد 65 برس مقرر کی گئی ہے(فوٹو، ایس پی اے)

بیرون مملکت سے آنے والے عازمین حج کو سفر سے 72 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی اس ضمن میں تمام فضائی کمپنیوں کو اس بارے میں مطلع کردیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق  حج پیکیج کی تین کیٹگریز ہیں جن میں ’منی ٹاورز‘ کے لیے 14 ہزار737 ریال فی شخص جبکہ دوسری کیٹگری ضیافہ ون کے لیے 13 ہزار43 اور تیسری کیٹگری کے لیے 10 ہزار238 ریال مقرر کیے گئے ہیں۔

شیئر: