سری نگر ... پولیس نے کشمیری نوجوان کو جیپ کے آگے ڈھال بناکر پٹرولنگ کرنے پر ہندوستانی فوج کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ضلع بڈگام کے بیرواہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو میں دکھایا گیا تھا کہ ہندوستانی فوجیوں نے ایک کشمیری نوجوان کو جیپ کے بونٹ سے باندھ رکھا ہے اور اسے انسانی ڈھال بناکر پٹرولنگ کی جارہی ہے۔ سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے بھی اس وڈیو کو ٹوئٹر پر شیئر کیا تھا ۔وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے بیان میں کہا کہ انسانی ڈھال بنائے جانے کی ویڈیو کے معاملے پر بیرواہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی جاچکی ، تحقیقات جاری ہیں۔ اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ ذمہ داران کے خلاف ایکشن لیا جاسکے۔ کشمیری نوجوان فاروق ڈار نے بتایا کہ اسے فوجی اہلکاروں نے موٹر سائیکل سے اتارا اور جیپ کے بونٹ کے سامنے باندھا۔ کئی گھنٹوں تک گھماتے رہے۔