سعودی عرب میں منرل واٹر کےلیے ضوابط کیا ہیں؟
پانی کو بوتلوں میں بھرنے کے لیے خاص ضوابط مقرر ہیں( فوٹو عاجل)
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (ایس ایف ڈی اے) نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں پینے کے پانی کی تمام بوتلیں مقررہ خصوصیات کی ہوتی ہیں۔ اندراج کے لیے سٹینڈرڈ مقرر ہیں۔ ان کی پابندی کے بغیر کوئی بھی کمپنی پانی کی بوتلیں مارکیٹ میں نہیں لاسکتی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ کسی بھی کمپنی کے پانی کی بوتل کے بارے میں یہ نہیں کہا جاسکتا کہ فلاں کمپنی کے پانی کی بوتل زیادہ معیاری ہے۔ ہر قسم کے پینے کے پانی کو بوتلوں میں بھرنے کے لیے خاص ضوابط کے پابند ہوتے ہیں، اس کے بغیراندراج نہیں ہوتا۔
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے کہا کہ پینے کے پانی کی بوتلیں انسانی استعمال کے لیے ہیں۔ ان میں بھرا ہوا پانی خاص عمل سے گزارا جاتا ہے۔ یہ قدرتی معدنیات یا اضافی معدنیات پر مشتمل ہوتی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پانی کی ہر بوتل پر اس میں موجود عناصر کے بارے میں تحریر ہوتا ہے۔ عام طور پر فلورایڈ، ٹی ڈی ایس، برومیٹ، پی ایچ جیسے عناصر پینے کے پانی کا حصہ ہوتے ہیں۔
اس سے قبل بیان میں کہا گیا تھا کہ پینے کے پانی کی بوتل میں فلورایڈ کا اضافہ دانتوں کو خراب ہونے سے بچانے کے لیے کرایا جاتا ہے۔