مشرق وسطی میں بہترین خدمات کی فراہمی پر السعودیہ کے لیے اعزاز
اس سال کی ’اے‘ کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے( فوٹو سبق)
سعودی ائیرلائن مشرق وسطی میں بہترین خدمات کی فراہمی کے باعث نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ فضائی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے تجزیاتی سروے میں السعودیہ کے گراف میں اس سال 13.1 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق ’برانڈ فائینشل ‘ کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی ’السعودیہ‘ کو بہترین خدمات کی فراہمی کی وجہ سے اس سال کی ’اے‘ کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’السعودیہ‘ کی خدمات کا جائزہ مختلف ممالک کی 5 ہزار فضائی کمپنیوں سے لیا گیا جس کے بعد ماہرین نے اپنا جائزہ پیش کیا جو مختلف حوالوں سے تھا جن میں مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولتیں، فضائی بیڑے، گراونڈ سروسز و دیگرعوامل شامل تھے۔
السعودیہ کے مارکیٹنگ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ جو کامیابی قومی فضائی کمپنی کو ملی ہے اسے نہ صرف برقرار رکھا جائے گا بلکہ اس میں مزید بہتری لانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔
سیاحتی میدان میں بھی مختلف ممالک کے سیاحوں کو مملکت کی سیاحت کے لیے آنے کی ترغیب دی جائے گی تاکہ وہ یہاں موجود ثقافی و تاریخی مقامات کو دیکھیں۔
انہوں نے مزید کہا ’السعودیہ ‘ مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں حاصل کرنے کےلیے کوشاں ہے جس میں سال 2030 تک سیاحت کے سیکٹرمیں 100 ملین سیاحوں کو لانے کا ہدف ہے۔