Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں ’ہفتے کے اختتام سے بارشیں‘، کیا ہیٹ ویو ختم ہو گی؟

ڈائریکٹر فورکاسٹ ظہر الدین بابر نے بتایا کہ اس بار مون سون کی معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں (فوٹو:اے پی پی)
موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات جہاں دنیا بھر میں دیکھے جا رہے ہیں وہیں پاکستان بھی ان کے زیراثر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رواں سال مارچ اور اپریل جو موسم کے اعتبار سے عموماً معتدل مہینے تصور کیے جاتے ہیں، غیرمعمولی طور پر گرم رہے۔
اب جبکہ جون کے مہینے کا آغاز ہو چکا ہے تو گرمی کی لہر میں مزید شدت دیکھی جا رہی ہے اور گرمی کے ستائے عوام پریشان ہیں کہ آنے والے مہینوں میں صورتحال کتنی سنگین ہو سکتی ہے اور ہیٹ ویو کا دورانیہ کتنا طویل ہوگا۔
ان سوالات کا جواب جاننے کے لیے اردو نیوز نے محکمہ موسمیات کے اسلام آباد آفس سے رابطہ کیا تو ڈائریکٹر فورکاسٹ ظہر الدین بابر نے بتایا کہ ’جب درجہ حرارت معمول سے بڑھ جائے اور ایک مخصوص حد سے تجاوز کر جائے تو اسے ہیٹ ویو کہا جاتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اس سال مارچ اور اپریل کے مہینوں میں درجہ حرارت غیرمعمولی طور پر زیادہ تھا اس لیے یہ توقع کی جا رہی تھی کہ اس بار گرمی معمول سے زیادہ پڑے گی۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے ’ہیٹ ویو‘ کے حوالے سے اپنی ویب سائٹ پر بھی اپڈیٹ دے رکھی ہے اور پریس ریلیز بھی جاری کی ہے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ گرمی کی شدت میں آنے والے دنوں میں کمی کا کوئی امکان ہے تو ظہیر الدین بابر نے بتایا کہ ’اس ہفتے کے آخر تک ملک کے بالائی حصوں میں نو یا 10 جون سے بارشیں ہوں گی جس سے ہیٹ ویو ختم ہونے کا امکان ہے۔‘

ڈائریکٹر فورکاسٹ نے بتایا کہ نے بتایا کہ ’اس سال مارچ اور اپریل کے مہینوں میں درجہ حرارت غیرمعمولی طور پر زیادہ تھا‘ (فوٹو: اے ایف پی)

اس سوال کے جواب میں کہ مون سون کی بارشیں اس بار معمول کے مطابق ہوں گی یا نہیں، ڈائریکٹر فورکاسٹ ظہر الدین بابر نے بتایا کہ ’مئی اور جون پاکستان میں شدید گرمی کے مہینے ہوتے ہیں لیکن جولائی کے پہلے ہفتے سے مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے جو ستمبر کے وسط تک رہتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’اس سال بھی مون سون کی بارشیں اپنے وقت پر شروع ہوں گی لیکن اس بار معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں جن سے سیلابی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔‘
ظہیرالدین بابر کے بقول ’محکمہ موسمیات یہ جاننے کی کوشش کر رہا ہے کہ آنے والے وقت میں ہیٹ ویو کی کیا فریکوئنسی ہوگی، اس کی تعداد کتنی ہوگی یعنی یہ کتنی بار ملک کو اپنی لپیٹ میں لے گی اور اس کے بڑھنے کے کتنے چانسز ہیں۔‘

موسم کی صورتحال

محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ درجہ حرارت جیکب آباد میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ گیا۔
پیر کو ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا تاہم رات کے اوقات میں گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

شیئر: