Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلوریڈا میں دو سالہ بچے نے ’غلطی سے‘ اپنے والد کو گولی مار دی

فائرنگ کے حالیہ واقعات کے بعد امریکی صدر نے سخت قوانین منظور کرنے کی اپیل کی تھی (فوٹو: روئٹرز)
امریکی ریاست فلوریڈا میں دو سالہ بچے نے غلطی سے اپنے والد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بچے کے والدین نے بندوق محفوظ جگہ پر رکھنے کے بجائے لاپرواہی سے گھر میں رکھی ہوئی تھی۔
جب پولیس حکام 26 مئی کو 911 پر کال موصول ہونے کے بعد اورلینڈو کے قریب واقع گھر میں داخل ہوئے تو انہوں نے بچے کی والدہ میری آیالا کو اپنے شوہر ریگی میبری کو سی پی آر دے رہی تھیں۔
اورنج کاؤنٹی کے شیرف جان مینا نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ’قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ابتدائی طور پر خیال تھا کہ 26 سالہ نوجوان جو ہسپتال پہنچتے ہی کچھ دیر بعد دم توڑ گیا، نے خود کو گولی مار لی تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس کے بڑے بیٹے نے تفتیش کاروں کو بعد میں بتایا کہ اس کے دو سالہ بھائی سے غلطی سے بندوق چل گئی تھی۔‘
عدالتی دستاویزات میں کہا گیا کہ بندوق ایک بیگ میں تھی جسے ریگی میبری نے زمین پر چھوڑ دیا تھا۔ بچہ اس بیگ کے پاس آیا اور اس نے اپنے والد کو اس وقت پیٹھ میں گولی مار دی جب وہ کمپیوٹر پر ویڈیو گیم کھیل رہے تھے۔‘
شیرف نے بتایا کہ دونوں والدین بچوں کو نظرانداز کرنے اور منشیات کے استعمال کے متعدد جرائم کے بعد پیرول پر تھے۔
جان مینا نے کہا کہ ’بندوق کے مالک جو اپنے آتشیں اسلحے کو صحیح طریقے سے محفوظ نہیں رکھتے، وہ اپنے گھروں میں ہونے والے ان واقعات سے صرف ایک سیکنڈ کے فاصلے پر ہیں۔‘
شیرف نے مزید کہا کہ ’اب ان چھوٹے بچوں نے اپنے والدین کو کھو دیا ہے۔ ان کے والد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان کی والدہ جیل میں ہیں۔ ایک چھوٹے بچے کو اپنی زندگی اس صدمے کے ساتھ گزارنی ہے کہ اس نے اپنے والد کو گولی ماری۔‘
امریکہ میں ایسے واقعات کوئی غیر معمولی بات نہیں۔
اگست 2021 میں ایک اور دو سالہ بچے کو بیگ میں ایک بندوق ملی تھی اور اس نے اپنی والدہ کے سر میں اس وقت گولی ماری جب وہ ایک  ویڈیو کانفرنس میں حصہ لے رہی تھیں۔
یہ واقعہ اس وقت زیر بحث آیا ہے جب امریکہ میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
فائرنگ کے حالیہ واقعات کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن نے قانون سازوں سے اسلحے کی روک تھام کے لیے سخت قوانین منظور کرنے کی اپیل کی تھی۔

شیئر: