Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سہارا گروپ کے سربراہ سبراتارائے کی املاک نیلام کرنے کاحکم

نئی دہلی... سپریم کورٹ نے سہارا گروپ کے چیف سبراتا رائے کی پرآسائش اور انتہائی قیمتی املاک آمبئی ویلی کو نیلام کرنے کا حکم صادر کر دیا ۔ سبراتا رائے پر الزام ہے کہ انہو ںنے سرمایہ کاروں کو ان کے 5ہزار کروڑ روپے واپس نہیں کئے۔ پیر کو سپریم کورٹ کی 3رکنی بنچ نے اس معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ سہارا گروپ کے چیف نے عدالت عظمیٰ کے حکم کی تعمیل نہیں کی لہذا اب انہیں کسی بھی طرح کی رعایت نہیں دی جا سکتی۔ بنچ نے ممبئی ہائیکورٹ کو آمبئی ویلی کی نیلامی کیلئے سرکاری لیکویڈٹر مقرر کر دیا اور ساتھ ہی سبراتا رائے کو حکم دیا کہ وہ 28اپریل کو بذات خود اس کے سامنے پیش ہوں۔بنچ نے صاف الفاظ میں کہا کہ اب بہت کچھ ہو چکا ۔ زیادہ وقت برباد نہیں کیا جا سکتا اور نہ سہارا گروپ کے چیف نے ایسی کوئی گنجائش چھوڑی ہے کہ ان سے نرمی سے پیش آیا جائے۔ بنچ نے یہ بھی کہا کہ ملزم آج کچھ کہتے ہیں اور دوسرے دن اس بات سے مکربھی جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ سبراتا رائے نے ممبئی کے مضافات میں ایک انتہائی پرآسائش کالونی جس کا نام آمبئی ویلی رکھا گیا ہے تعمیر کرنے کیلئے سرمایہ کاروں سے کروڑوں روپے جمع کئے تھے لیکن یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو نہیں پہنچ سکا تا ہم آج بھی ایک اندازے کے مطابق اس کی مالیت 34ہزار کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔

 

شیئر: