سعودی عرب میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے لیے میچورٹی انڈیکس کا آغاز
سعودی عرب میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے لیے میچورٹی انڈیکس کا آغاز
جمعرات 9 جون 2022 13:37
عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں ڈیجیٹل سروسز کو اہمیت دی جا رہی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی عرب نے عوامی خدمات کےسرکاری محکموں میں عوام کے تجربات کو بہتر بنانے اور اطمینان بڑھانے کے لیے 12 سرکاری خدمات کے لیے ڈیجیٹل تجربے کے میچورٹی انڈیکس کا آغاز کیا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے نے رپورٹ شائع کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مختلف پورٹل کے ذریعے صارفین کا اطمینان حاصل کرنے، صارف کے تجربے کو بہتر بنانے اور شکایات اور رپورٹس سے نمٹنے کے طریقہ کار کو وسعت دینے کے لیے حکومتی پلیٹ فارمز کی پختگی کی پیمائش کے لیے تین بنیادی نقطہ نظر پر انحصار کیا جاتا ہے۔
ابتدائی طور پر جن 12 پورٹل کو میچورٹی انڈیکس میں رکھا گیا ہے ان میں اعتماد، ابشر، مدرستی، ناجز، سکنی، قوی، توکلنا، صحتی، سابر، بلدی، فسح اور احسان سرکاری خدمات کی ویب سائٹس ہیں۔
سعودی ڈیجیٹل گورنمنٹ اتھارٹی کے گورنر احمد بن محمد الثویان نے بتایا ہے کہ یہ 12 پورٹل مخصوص معیار کی بنیاد پر سب سے زیادہ ترجیحی پلیٹ فارمز میں شامل ہیں۔
احمد الثویان نے مدینہ منورہ میں گذشتہ روز بدھ کو ہونے والی 8 ویں قومی کانفرنس برائے ڈیجیٹل معیار میں اس انڈیکس کا آغاز کیا۔
اس تقریب کا اہتمام سعودی سٹینڈرڈز، میٹرولوجی اینڈ کوالٹی آرگنائزیشن نے پرجوش قوم کے لیے پائیدار معیارکے عنوان سے کیا گیا۔
احمد الثویان نے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے قومی اہداف حاصل کرنے میں ڈیجیٹل سروسزکی اہمیت پر زور دیا۔
ڈیجیٹل سروسز کا مقصد شہریوں، غیرملکیوں، زائرین، کاروباری حضرات کے لیے آسانی اور مسابقتی حیثیت میں اضافہ کے ساتھ حکومتی کام کی کارکردگی میں اضافہ اور عالمی انڈیکس میں مملکت کی ڈیجیٹل درجہ بندی کو بڑھانا ہے۔
اتھارٹی ڈیجیٹل حکومت کے پلیٹ فارمز، ویب سائٹس، ڈیجیٹل سروسزاور سرکاری نیٹ ورکس کو منظم کرتی ہے۔
یہ ڈیجیٹل سروسز سرکاری اداروں کی کارکردگی اور صلاحیتوں کی پیمائش کے لیے انڈیکس ٹولز اور رپورٹس بھی جاری کرتا ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں