کم آمدنی والوں کے لیے ٹیکس میں کمی، اب آپ پر کتنا ٹیکس لاگو ہوگا؟
جمعہ 10 جون 2022 19:52
زبیر علی خان -اردو نیوز، اسلام آباد
ماہانہ آمدن 50 ہزار روپے تک والوں پر انکم ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔ فائل فوٹو: ٹوئٹر
وفاقی بجٹ میں کم آمدنی والے افراد کے لیے انکم ٹیکس میں کمی کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس کے بعد 12 لاکھ سالانہ سے کم آمدن والے افراد پر 100 روپے انکم ٹیکس لاگو ہو گا جبکہ 6 لاکھ سے کم آمدن والے افراد کو انکم ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے۔
یعنی اگر آپ کی ماہانہ آمدن 50 ہزار روپے تک ہے تو آپ پر انکم ٹیکس لاگو نہیں ہو گا جبکہ ماہانہ آمدن 50 ہزار روپے سے ایک لاکھ روپے تک ہے تو آپ کو سالانہ 100 روپے انکم ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔
اس سے قبل 6 لاکھ روپے تک آمدن پر ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا تھا۔ جبکہ سالانہ 8 لاکھ روپے تک آمدن والے افراد کو 5 فیصد، 8 سے 12 لاکھ تک 10 ہزار بشمول 8 لاکھ روپے سے اضافی آمدن کا 12 عشاریہ پانچ فیصد ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔
موجودہ فنانس بل میں 12 لاکھ سے 24 لاکھ سالانہ آمدن والے افراد 12 لاکھ سے زائد رقم کا 7 فیصد انکم ٹیکس ادا کریں گے۔
24 لاکھ سے زائد آمدن والے افراد پر 84 ہزار روپے انکم ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے جبکہ 24 لاکھ سے 36 لاکھ روپے تک کی اضافی رقم کا 12.5 فیصد حصہ ٹیکس میں ادا کرنا ہو گا۔
36 لاکھ سے 60 لاکھ روپے سالانہ آمدن والے افراد کو 2 لاکھ 34 ہزار روپے بشمول 36 لاکھ سے اضافی رقم کا ساڑھے 17 فیصد بھی ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔
60 لاکھ سے ایک کروڑ 20 روپے تک کی سالانہ آمدن پر 6 لاکھ 54 ہزار روپے بشمول 60 لاکھ روپے سے اضافی رقم کا 22.5 فیصد ٹیکس لاگو کرنے کی تجویز ہے۔
ایک کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد 20 لاکھ 4 ہزار روپے بشمول ایک کروڑ 20 لاکھ سے اضافی رقم کا 32.5 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔