ای قرعہ اندازی مکمل، داخلی عازمین حج کے ناموں کا اعلان
ای قرعہ اندازی مکمل، داخلی عازمین حج کے ناموں کا اعلان
بدھ 15 جون 2022 18:37
حج پیکیج کی رقم ادا کرنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دی جائے گی(فوٹو: ٹوئٹر وزارت حج)
سعودی عرب مایں اس سال داخلی عازمین حج کے ناموں کا اعلان ای قرعہ اندازی کے ذریعے اعلان کردیا گیا۔
السعودیہ چینل کے پروگرام نشرۃ الظھیرۃ میں گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹرعبدالفتاح مشاط نے بتایا کہ’ اس سال اندرون مملکت سے حج درخواست دینے والوں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیاگیا ہے۔‘
ڈاکٹرعبدالفتاح مشاط نے بتایا کہ’ اندرون مملکت سے تین لاکھ کے قریب افراد نے حج کے لیے درخواستیں دیں۔ ان میں 2 لاکھ 17 ہزار درخواستیں شرائط کے مطابق تھیں۔‘
داخلی عازمین کی قرعہ اندازی آن لائن کی گئی ہے۔ منتخب افراد کو جلد ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کردیا جائے گا۔
وزارت حج و عمرہ ای گیٹ یا اعتمرنا ایپ کے ذریعے حج کی باقی کارروائی مکمل کرکے حج پیکیج کی رقم وصول کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ’ جن امیداواروں کا نام قرعہ اندازی میں آگیا ہے انہیں حج کارروائی مکمل کرانے اور حج پیکیج کی رقم ادا کرنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دی جائے گی اس کے فوری بعد حج اجازت نامے جاری کیے جائیں گے۔‘
وزارت حج و عمرہ نے بتایا کہ اس سال اندرون مملکت سے 20 برس سے کم عمر کے عازمین حج سب سے کم تعداد میں اور51 سے 65 برس کی عمر کے 12 فیصد ہوں گے۔
وزارت نے بتایا کہ مقامی شہریوں اورمقیم غیرملکیوں کی طرف سے 2 لاکھ 97 ہزار 44 درخواستیں حج کے لیے موصول ہوئی تھیں۔ ان میں سے 62 فیصد کا تعلق مردوں اور 38 فیصد کا تعلق خواتین سے تھا۔ 2 لاکھ 17 ہزار درخواستیں مقررہ شرائط پر پوری اتریں۔ یہ درخواستیں اعتمرنا ایپ اور وزارت کے ای گیٹ کے ذریعے بھیجی گئی۔
نائب وزیر حج و عمرہ عبدالفتاح مشاط نے کہا کہ اندرون مملکت سے جتنی درخواستیں موصول ہوئیں ان میں سے بہت کم ایسی تھیں جنہیں قرعہ اندازی میں شامل نہیں کیا گیا۔ شرائط پرپوری نہ اترنے والی درخواستیں خارج کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امیدواروں کو درخواستوں میں ترمیم کا موقع بھی دیا گیا اور سہولتوں میں اضافہ بھی کیا گیا ہے
واضح رہے کہ وزارت حج وعمرہ نے اس سال اندرون ملک سے حج کے لیے تین پیکیج متعارف کرائے ہیں جن میں ’منی ٹاورز‘ ، ’ضیافیہ ون ‘ اور ’ضیافہ ٹو‘ شامل ہیں۔
منی ٹاورز کا پیکیج 14 ہزار737 ریال تھا جو 794 ریال کمی کے بعد 13 ہزار 943 ریال کردیا گیا ہے جبکہ ’ضیافہ ون‘ پیکیج کی قیمت 13 ہزار ریال تھی اسے کم کرکے 11 ہزار 970 ریال کیا گیا ہے۔ تیسرے پیکیج ’ضیافہ ٹو‘ کو 10 ہزار 238 ریال سے کم کرکے 9 ہزار 98 ریال کیا گیا ہے۔
اس سال اندورن مملکت سے حج کے لیے جانے والوں کو منی، مزدلفہ اورعرفات میں جو خیمے فراہم کیے گئے ہیں ان میں عصرحاضر کی تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ ضیافہ پیکیج کے لیے جو خیمے تیار کیے گئے ہیں وہ ہوٹل کے کمروں کی طرح ہیں ہرخیمے میں حجاج کی سہولت کا پورا خیال رکھا گیا ہے۔