جدہ ( اسٹا ف رپورٹر ) پاکستان قونصلیٹ میں تارکین وطن کے حوالے سے قائم کئے گئے خصوصی ڈیسک سے روزانہ سیکڑوں افراد مستفیض ہو رہے ہیں ۔ قونصلیٹ کی جانب سے اضافی عملہ بھی متعین کر دیا گیا ہے۔ہفتہ وار تعطیلات کے دوران بھی عملہ موجود رہتا ہے تاکہ تارکین کی بہتر انداز میں خدمت کی جاسکے ۔ تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے غیر قانونی تارکین وطن کو دی گئی 90 روزہ مہلت سے استفادہ کیلئے قونصلیٹ میں ہنگامی بنیادوں پر خصوصی ڈیسک قائم کئے گئے ہیں جہاں ایسے تارکین جو عمرہ ، وزٹ اور حج ویزے پر آکر غیر قانونی طور پر مقیم ہو گئے تھے کو معلومات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ وہ تارکین جو مختلف ورک ویزوں پر آئے تھے او ر انکے کفیلوں نے انکے ہروب لگائے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے ملک نہیں جاسکتے ان کیلئے لیبر آفس ( مکتب العمل ) سے پیشگی وقت لینے کا بھی انتظام موجود ہے ۔ قونصلیٹ میں قائم کئے گئے خصوصی ڈیسک میں ان افراد سے درخواستیں وصول کی جاتی ہے تاکہ انہیں درست معلومات فراہم کی جاسکیں ۔ اس ضمن میں قونصلیٹ آنے والے تارکین کا کہنا تھا کہ خصوصی ڈیسک کے قیام سے انہیں کافی سہولت ہو ئی ہے اور درست معلومات بھی مل رہی ہیں۔ ایک شخص کا کہنا تھا کہ وہ حائل سے آیا ہے، معلوم نہیں تھا کہ اس مہلت سے استفادہ کیلئے کیا کروں جب میں قونصلیٹ آیا تو یہاں کافی رش تھا تاہم باری کے انتظا ر میں بیٹھ گیا مگر یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ جلد ہی میری باری آگئی ۔ ڈیسک پر موجود اہلکار وں نے مکمل معلومات مہیا کیں ۔ ایک اور پاکستانی تارک وطن کا کہنا تھا کہ اسکے کفیل نے ہروب لگا دیا تھا اب وہ پاکستان جانا چاہتا ہے مگر مسئلہ یہ ہے کہ ٹکٹ کے لئے رقم کا بندوبست نہیں ہو رہا اگر ہماری قومی ائیر لائن رعایتی نرخوں پر ٹکٹ فراہم کرے تو کافی سہولت مل سکے گی ۔