فیفا ورلڈ کپ: قطر ایئرویز کا سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے شٹل پروازوں کا فیصلہ
قطر ایئرلائنز کا شمار دنیا کی سب سے منافع بخش ایئرلائنز میں ہوتا ہے (فوٹو: سام چوئی)
قطر ایئرویز فیفا ورلڈ کپ میں فٹ بال شائقین کو بڑی تعداد میں دوحہ پہنچانے کے لیے سعودی عرب سمیت دیگر خلیجی ایئرلائنز کے ساتھ شراکت داری کر رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق قطر ایئرویز کے سی ای او اکبر الباقر نے بتایا کہ ’ان کی ایئرلائن نے فلائی دبئی، کویت ایئرویز، عمان ایئر اور سعودی ایئرلائن کے ساتھ ڈیل کرلی ہے کہ وہ میچ کا ٹکٹ رکھنے والوں کو دوحہ پہنچائیں۔‘
انہوں نے کہا کہ یہ ایئرلائنز ’میچ ڈے شٹل‘ مہیا کریں گی جو 24 گھنٹے جاری رہیں گی۔
اکبر الباقر کا کہنا تھا کہ ’ہم دیگر ایئرلائنز کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں۔ ہم اکیلے شائقین کو ورلڈ کپ کے لیے جمع نہیں کرسکتے۔‘
’یہ ٹورنامنٹ ہمیں موقع فراہم کر رہا ہے کہ ہم اپنا کاروبار دیگر علاقائی ایئرلائنز کے ساتھ بڑھائیں جس سے شائقین کو موقع ملے گا کہ وہ مشرق وسطیٰ میں مختلف مقامات کی سیر کرسکیں۔‘
قطر ایئرلائنز کا شمار دنیا کی سب سے منافع بخش ایئرلائنز میں ہوتا ہے۔
قطر ایئرویز نے 2021-2022 میں ایک اعشاریہ 54 ارب ڈالر منافع کمایا تھا جو دنیا کی تمام ایئرلائنز کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔