Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمانی شاگرد کی 34 برس بعد سعودی استاد سے ملاقات

عمانی شہری نے بتایا کہ 1997 سے استاد کو تلاش کررہے تھے۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
عمانی شہری طلال النوفلی نے اپنے سعودی استاد محمد الھاجری کو تین عشروں بعد بالاخر تلاش کر لیا۔ ملاقات پر مشتمل ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
العربیہ نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے طلال النوفلی نے بتایا کہ 34 سال قبل 1988 میں عمان کے صحار صوبے میں سعودی استاد الھاجری سے تعلیم حاصل کی تھی۔ اس کی یاد ذہن میں بسی ہوئی تھی۔
عمانی شہری نے اپنے سعودی استاد سے 34 برس بعد ملاقات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تو صارفین نے اس کی ستائش کی۔

طلال النوفلی نے 1988 میں عمان کے صحار صوبے میں سعودی استاد سے تعلیم حاصل کی۔ (فوٹو: العربیہ نیٹ)

طلال النوفلی نے بتایا کہ سعودی استاد سے سلطنت عمان کے صوبے صحار کے پرائمری سکول میں تعلیم حاصل کی تھی۔ سکول کا نام محمد محبوب الرحیلی تھا۔ سعودی استاد سکول کے تمام بچوں کے ساتھ اولاد کی طرح پیش آتے تھے۔ ہر ایک ان کے حسن اخلاق سے متاثر تھا۔ کوئی بھی اچھا کام کرتا تو وہ اس کی تعریف کرتے اورغلطی کی نشاندہی بہت پیار سے کیا کرتے تھے۔ 
عمانی شہری نے بتایا کہ وہ 1997 سے اپنے استاد کو تلاش کررہے تھے۔ خوش قسمتی سے ایک اور استاد سے ملاقات ہوئی جن کی بدولت محمد الھاجری تک رسائی حاصل ہوئی۔
ٹیلیفونک رابطے پر سعودی استاد اپنے عمانی شاگرد کو پہچان گئے۔ عمانی شہری نے بتایا کہ جب ابہا میں اپنے استاد سے ملاقات ہوئی تو خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہ تھا۔ اس موقع پر میرے استاد کی خوشی کی بھی کوئی انتہا نہیں تھی۔ 
طلال النوفلی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ملاقات کی ویڈیو وائرل ہے۔ وفاداری، الفت اور اخوت عربوں کا خاصا ہے۔ میل ملاپ سے محبت بڑھتی ہے۔ 
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: