ٹیکسی سروس: ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے خلاف ورزیوں اور جرمانوں کا چارٹ جاری کر دیا
پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے 35 خلاف ورزیوں کا چارٹ جاری کیا ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے انفرادی اور کمپنی ٹیکسی سروس سے متعلق 35 خلاف ورزیوں کا چارٹ ویب سائٹ پر جاری کیا ہے۔
الوطن اخبار کے مطابق اتھارٹی نے ہر خلاف ورزی پر 500 سے 5 ہزار ریال تک کے جرمانے مقرر کیے ہیں جبکہ سڑکوں اور شاہراہوں پر سواریوں کی تلاش کے لیے گھومنے کو بھی ٹریفک خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے اور اس پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’ٹیکسی میں کسی بھی تیکنیکی تبدیلی پر پانچ ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔‘
گاڑی کو مقررہ فرضی مدت کے بعد ٹیکسی کے طور پر استعمال کرنے پر5 ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا۔
ڈیوٹی کے دوران یا سروس شروع کرنے پر سروس فراہم کرنے سے انکار یا جاری رکھنے سے انکار خلاف ورزی ہے۔ اس پر ایک ہزار ریال جرمانہ ہے۔
آپریشنل کارڈ کی توسیع میں تاخیر پر بھی ایک ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔
گاڑی میں سگریٹ پینا یا سواریوں کو اس کی اجازت دینا اور شہر میں ایک سے زیادہ جگہ کے لیے سواریاں بٹھانا غلط ہے، اس پر500 ریال جرمانہ ہوگا۔
اتھارٹی کے مطابق ’کسی بھی شکل میں سواریوں کے نجی معاملے میں دخل اندازی پر500 ریال جرمانہ ہو گا۔‘
گاڑی کے اندر دستی بیگ کے علاوہ بکس یا سامان رکھنا یا مقررہ جگہ کی گنجائش سے زیادہ سامان رکھنا یا سواریوں کے بغیر سامان لے جانا غلط ہے اور اس پر500 ریال جرمانہ ہے۔
اتھارٹی نے ویب سائٹ پر دیگر خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں۔