Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوشل میڈیا پر توہین رسالت کے صفحات پاکستان کیخلاف سازش ہیں، طاہراشرفی

لاہور(پ ر)پاکستان علماء کونسل نے سوشل میڈیا پر توہین رسالت کے صفحات کو پاکستان کے خلاف سازش قراردیتے ہوئے تمام مذاہب اورمسالک کا اہم اجلاس رواں ماہ اسلام آباد میں طلب کرلیا ۔ توہین رسالت و توہین مذاہب قانون کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل مرتب کیاجائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے پنجاب شوریٰ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں پنجاب شوریٰ کا اجلاس صوبائی صدر شفیع قاسمی کی صدارت میںہوا۔ منعقدہ اجلاس میں سینیئر کارکن حاجی محمد طیب قادری کو پنجاب کا سیکریٹری جنرل بنانے اور مشتاق لاہور کی پاکستان علماء کونسل کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف سب سے زیادہ کام کونسل نے کیا۔ 2000ء میں تمام مکاتب فکر سے متفقہ فتویٰ جاری کروایاگیا۔
یہی وجہ ہے کہ پاکستان علماء کونسل نے قومی ایکشن پلان ،آپریشن ضرب عضب اورآپریشن ردالفساد کی حمایت کی ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے مردان یونیورسٹی کے واقعہ کی سخت مذمت کرتے ہوئے واضح کیاکہ اس طرح کے واقعہ میں ملوث افراد توہین رسالت قانون کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ توہین رسالت و توہین مذہب قانون کی وجہ سے ہزاروں افراد محفوظ ہیں۔ یہ قانون پاکستان کی اساس ہے، اسے ختم نہیں ہونا دیا جائے گا تاہم ہمارا مطالبہ ہے کہ اگر کوئی قانون توہین رسالت و توہین مذہب کا غلط استعمال کرتے ہیں تو الزام لگانے والے کے خلاف بھی وہی قانون لاگو کیاجانا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں طاہر اشرفی کاکہناتھاکہ سوشل میڈیا پر توہین رسالت کے جو صفحات نظر آرہے ہیں، وہ بیرون ملک سے پاکستان کے خلاف سازش ہے ۔ وہ پاکستان میں انارکی پھیلانا چاہتے ہیں۔ ہم اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اگر سوشل میڈیا پرکشمیر کی آزادی اور ہولوکاسٹ کے صفحات تیار کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی تو توہین رسالت کے صفحات کیسے تیار ہورہے ہیں ؟ انہوںنے واضح کیاکہ آئی ٹی کے وفاقی وزیر کو وزارت چھوڑدینی چاہئے تاکہ پاکستانی ادارے بہتر طریقے سے اپنا کام کرسکیں۔ انہوںنے بتایاکہ پاکستان علماء کونسل توہین رسالت و توہین مذاہب کے قانون کے تحفظ کیلئے اور توہین رسالت و مذہب کے غلط استعمال کو روکنے کیلئے ملک بھر میں مشائخ علماء کنونشن بھی منعقد کرے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے جنرل (ر)راحیل شریف کی اسلامی عسکری اتحاد کی قیادت کو پاکستان کیلئے اعزازقراردیااورواضح کیاکہ جنرل راحیل شریف کی قیادت امت مسلمہ میں اتحاد کا باعث بنے گی اور عالمی عسکری اتحاد کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کی کسی صورت تائید نہیں کی جائیگی۔ قبل ازیں پنجاب شوریٰ کے اجلاس میں پیر قاری ادریس قاسمی، مولانا قاری محمد ادریس ، مولانا سید الرحمن معاویہ ، مولانا محمد اشفاق پتافی، حبیب الرحمن عابد، مولانا طاہر عقیل اعوان، مفتی عمر فارق ، میاں راشد منیر،احسان احمد حسینی، ،محمد زبیر زاہد ، مولانا محمد احمد مکی،شیخ محمد زوہیب ، چوہدری شبیر گجر،مولانا عزیز الرحمن عثمانی سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے ۔

شیئر: