دعا زہرا کے شوہر ظہیر احمد کی 14 جولائی تک حفاظتی ضمانت منظور
جمعرات 7 جولائی 2022 8:48
منگل کو دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی نے سندھ ہائی کورٹ میں نئی درخواست دائر کی تھی (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
کراچی سے پنجاب جا کر پسند کی شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرا کے شوہر ظہیر احمد کی 14 جولائی تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔
جمعرات کو لاہور ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت کی درخواست کی سماعت کے بعد پولیس کو ظہیر احمد کی گرفتاری سے روک دیا۔
ظہیر احمد کے وکیل نے عدالت میں اس خدشے کا اظہار کیا تھا کہ پولیس اس جوڑے کو دوبارہ تحقیقات کے لیے گرفتار کر سکتی ہے لہٰذا انہیں حفاظتی ضمانت دی جائے۔
نکاح خواں اور گواہ کی ضمانت مسترد
دوسری جانب جمعرات ہی کو کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے دعا زہرا اور ظہیر کا نکاح پڑھانے والے نکاح خواں غلام مصطفیٰ اور گواہ اصغر کی ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ نکاح خواں غلام مصطفیٰ اور گواہ اصغر گرفتار ہیں اور اس وقت عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔ پولیس کی جانب سے کیس کا سی کلاس چالان پیش کیا گیا ہے۔
’پولیس نے ہمیں مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کر رکھی ہے۔ عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست ضمانت منظور کی جائے۔‘
جس پر عدالت نے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کیس کا ضمنی چالان نہیں آ جاتا ملزمان کو ضمانت نہیں دی جا سکتی ہے.
واضح رہے کہ دعا زہرا کے اغواء کا مقدمہ کراچی کے علاقے الفلاح سوسائٹی کے تھانے میں درج ہے۔
اس سے قبل منگل کو دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی نے سندھ ہائی کورٹ میں نئی درخواست دائر کی تھی۔
سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی کہ ’دعا زہرا کے اغوا کے وقت بیٹی کی عمر 13 سال 11 ماہ تھی، بیٹی کو کم عمری میں اغوا کرکے نکاح کیا گیا ہے جو آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔‘
’عدالت دعا زہرا کو بازیاب کروا کر والدین کے حوالے کرے اور دعا زہرہ کو بیرون ملک جانے سے بھی روکا جائے۔‘
دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی کے وکیل جبران ناصر کے ذریعے سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ’ان کی بیٹی کو کم عمری میں اغوا کر کے پنجاب لے جا کر اس کا نکاح پڑھایا گیا۔
اس سے قبل کراچی کے سیشن کورٹ میں جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مختلف ٹیسٹوں کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ ’دعا زہرا کی عمر 15 اور 16 کے درمیان ہے جبکہ ان کی جسمانی اور دانتوں کے معائنے کے مطابق ان کی عمر 15 سال کے قریب ہے۔‘