ریاض - - - - - سفیر ہند احمد جاوید نے وزارت داخلہ کے سیکریٹری احمد السالم اور محکمہ پاسپورٹ کے ڈائریکٹر جنرل سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی اور غیر قانونی تارکین کے حوالے سے دی جانے والی 90 روزہ مہلت کے علاوہ دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سفیر ہند کے ہمراہ ہندوستانی سفارتخانے کے نائب سفیر اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ سفیر ہند نے وزرات داخلہ کے سیکریٹری کو یقین دلایا کہ مملکت میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام ہندوستانی افراد مہلت کے 90 دنو ں کے اندر اپنے ملک روانہ ہو جائیں گے ۔ انہو ں نے مزید کہا کہ مہلت کے آغاز سے اب تک ہندوستانی سفارتخانے اور قونصلیٹ کی جانب سے اب تک 15 ہزار سے زائد آوٹ پاس جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ انکا سلسلہ جاری ہے ۔ سفیر ہند نے مزید کہا کہ مملکت کے مختلف شہروں میں ہندوستانی سفارتخانے کی جانب سے اپنے ہم وطنوں کی سہولت کے لئے 20 سے زائد ہیلپ ڈیسک قائم کئے ہیں جہاں انہیں ہر ممکن امداداور رہنمائی فراہم کی جاتی ہے ۔ سفیر ہند سے ڈائریکٹر جوازات کی ملاقات بھی انتہائی مفید رہی جس میں غیرقانونی تارکین وطن کو دی جانے والی مہلت کے حوالے سے مفید تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سفیر ہند نے ڈی جی جوازات کی توجہ بعض اہم امور کی جانب بھی مبذول کروائی ۔