میرے بیڈ روم میں امریکی ریکارڈر کس ایجنسی نے لگایا: شیریں مزاری
منگل 19 جولائی 2022 11:44
شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ وہ عدالت سے رجوع کریں گی (فوٹو: فیس بک، پی ٹی آئی)
پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری نے دعوٰی کیا ہے کہ ان کے بیڈ روم سے وائس ریکارڈنگ ڈیوائس برآمد ہوئی ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘بیڈ روم سے ملنے والی ریکارڈنگ ڈیوائس امریکی ماڈل کی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا ’ملازم کی غلطی سے بیڈ روم میں موجود میز سے ٹکر لگی تو ڈیوائس نیچے گر گئی، جس پر ایک ملازمہ نے فون پر بتایا کہ یہ چیز نیچے گری ہے اس کا کیا کروں؟‘
ڈاکٹر شیریں مزاری کے مطابق ‘ہم نے اپنے سیکریٹری کو بھیجا اور تفتیش کی تو پتہ چلا کہ یہ وائس ریکارڈر ہے۔‘
ان کے مطابق ’خفیہ ایجنسیاں یہاں تک آ گئی ہیں کہ بیڈ روم تک میں پرائیویسی نہیں ہو سکتی۔‘
ڈاکٹر شیریں مزاری نے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کروں گی اور آئینی حق استعمال کروں گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ‘میرے بیڈ روم میں ریکارڈر کس ایجنسی نے لگایا، اور مقصد کیا تھا۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا ’ پہلے مجھے اغوا کیا گیا، اس پر وفاقی و صوبائی حکومت نے کہا انہوں نے نہیں کرایا، تو وہ اغوا کس نے کروایا؟‘
ڈاکٹر شیریں مزاری نے الزام عائد کیا کہ ’تحریک انصاف کی قیادت کو ہراساں کیا جا رہا ہے، ہمارے فونز ٹیپ کیے جا رہے ہیں۔ آئین اور قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، اگر کوئی بات کرتا ہے تو اس پر کیسز بنا دیے جاتے ہیں۔‘
تحریک انصاف کی رہنما کے مطابق ‘جب سے امریکی سازش ہوئی ہے لوگ ریاست کے خلاف کھڑے ہوئے ہیں۔ لوگ ناراض ہیں پنجاب میں ضمنی انتخابات کے نتائج آپ نے دیکھ لیے ہیں ابھی تک باز نہیں آ رہیں یہ ایجنسیز۔‘
ان کے مطابق ’کیا ہم سب کو قتل کریں گے کہ ہم چپ کر جائیں۔ ہم نے چپ نہیں ہونا، ایسی حرکتیں کریں گے تو ایکسپوز کرتے جائیں گے۔‘
ڈاکٹر شیریں مزاری نے خفیہ ایجنسیز کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ‘آپ قانون کے دائرے میں رہیں قانون سے باہر جائیں گے تو اب قوم چپ نہیں کرے گی، اگر ہم میں سے کسی پر کوئی تشدد یا کوئی نقصان پہنچے گا تو قوم کو پتہ ہوگا کس نے کیا کروایا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ‘میرے بیڈ روم میں جن لوگوں کے ذریعے یہ ڈیوائس لگوائی گئی ان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔‘