انسٹاگرام پوسٹس ڈیلیٹ، عدنان سمیع کہاں جا رہے ہیں؟
منگل 19 جولائی 2022 17:04
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
عدنان سمیع کے انسٹاگرام سے پوسٹ ڈیلیٹ کرنے نے نئی بحث چھیڑ دی (فائل فوٹو: عدنان سمیع)
پاکستانی شہریت چھوڑ کر انڈیا کا شہری بننے والے گلوکار عدنان سمیع نے انسٹاگرام سے اپنی تمام پوسٹس ڈیلیٹ کردی ہیں۔
منگل کو عدنان سمیع نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام پوسٹس کو ڈیلیٹ کرتے ہوئے صرف ایک پوسٹ اپلوڈ کی ہے۔
عدنان سمیع کے انسٹاگرام پر اپلوڈ ہونے والی واحد پوسٹ پر 'الوداع' لکھا ہوا ہے۔
عدنان سمیع انسٹاگرام پر کافی سرگرم رہتے ہیں اور اپنی موسیقی اور فٹنس کے بارے میں اپنے مداحوں کو بتاتے رہتے ہیں۔
عدنان سمیع کی جانب سے انسٹاگرام پر کی گئی خلاف توقع سرگرمی کے برخلاف انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے ساتھ ایسا کچھ نہیں کیا ہے۔
عدنان سمیع کی انسٹاگرام پر تمام پوسٹس ڈیلیٹ کرنے کے بارے میں قیاس کیا جارہا ہے کہ یہ ان کے کسی نئے ایڈونچر کی تشہیر ہوسکتی ہے۔ تاہم عدنان سمیع کی جانب سے اب تک اس بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔
عدنان سمیع کی سرگرمی اور متبادل پوسٹ کے باعث انسٹاگرام پر متعدد صارفین نے تشویش کا اظہار کیا۔
تحیا نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد ایسے میسج دیکھ کر ڈر لگ رہا ہے۔‘
تاجمیر نے لکھا کہ ’سر کیا ہوا ہے؟ لگ رہا ہے یہ کسی چیز کا آغاز ہے، آپ کا نیا گانا یا کچھ اور۔‘
شبی نے عدنان سمیع سے کینیڈا جانے کا پوچھا تو رُوزانا نے لکھا کہ ’او نہیں، مجھے ایسا کیوں محسوس ہو رہا ہے کہ کچھ برا ہونے جارہا ہے۔‘