Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین دہائی پرانا تھرماس ’اماں شریفہ‘ کے لیے قیمتی کیوں؟

اماں شریفہ نے 30 برس سے تھرماس کو سنبھال کر رکھا ہے (فوٹو: ٹوئٹر)
بزرگ سعودی خاتون ’شریفہ عسیری‘ تقریباً 30 برس سے اپنے متوفی بیٹے کی یاد تازہ رکھنے کے لیے اس کے تھرماس کی جی جان سے حفاظت کررہی ہیں۔
وہ اس لمحے کی منتظر ہیں جو ان کی زندگی میں اب کبھی نہیں آئے گا۔ وہ بیٹے کی واپسی چاہتی ہیں تاکہ وہ آئے تو اسے اس کا تھرماس واپس کر سکیں۔ 
العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شریفہ عسیری نے تھرماس کا قصہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’اس کے ساتھ میری انمول یادیں وابستہ ہیں۔ جب سے بیٹے کی وفات ہوئی ہے تب سے اس تھرماس کو ایک لمحے کے لیے بھی خود سے جدا نہیں کرتی۔‘ 
شریفہ عسیری نے بتایا کہ ’اس تھرماس کی کہانی میرے بیٹے کے سکول جانے کی تاریخ سے جڑی ہوئی ہے۔ جب سے اس نے پہلی کلاس میں جانا شروع کیا تھا تب سے میں اس تھرماس میں اس کے لیے چائے تیار کرتی اور گھر سے جاتے وقت اس کے حوالے کردیتی تھی۔ پھر وہ وقت بھی آیا جب وہ عسکری ادارے میں ملازم ہوگیا تب بھی اسی تھرماس میں اسے چائے تیار کرکے دیا کرتی تھی۔‘ 
شریفہ عسیری نے بھولی بسری یادوں کو تازہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’حادثے کے روز بیٹے نے گھر سے نکلتے وقت کہا تھا کہ امی! میرا تھرماس محفوظ رکھنا واپس آؤں گا تو لے لوں گا لیکن وہ ٹریفک حادثے کا شکار ہوکر جان کی بازی ہار گیا۔‘
شریفہ عسیری نے بتایا کہ ’میں مانتی ہوں کہ میرے بیٹے کا انتقال ہوگیا ہے لیکن وہ آج بھی میرے دل میں زندہ ہے میری ہر پل یہی دعا ہے کہ اللہ تعالی اسے جنت الفردوس سے نوازے۔ ہر حال میں صرف اللہ کا ہی شکر ادا کیا جاتا ہے۔ میں اس کی شکر گزار ہوں۔‘ 
اماں شریفہ کا شمارعسیر ریجن کے زبنہ قریے کی معمر ترین خواتین میں ہوتا ہے۔ ان کی عمر سو برس ہو چکی ہے۔ گزشتہ 2 روز سے سوشل میڈیا پر بیٹے  کی بھولی بسری یادوں کے تذکرے پر مشتمل  ان کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی ۔ 

شیئر: