لکھنو ..... ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سریندرا سنگھ نے بریلی میں ایک ملازم کو جینز پہننے اور پان کھانے پر 500روپے جرمانہ کردیا۔ مجسٹریٹ نے بہت پہلے ہی اپنے عملے کیلئے لباس کے سلسلے میں ضابطہ جاری کیا تھا اور ان سے کہا تھا کہ وہ نہ تو دفتر میں پان چبائیں اور نہ ہی گٹکا۔ اس کے علاوہ جینز پہننے پر بھی ممانعت ہوگی۔ انہوں نے کلکٹریٹ کے دفتر میں بنی پارکنگ پر بھی دفتری اوقات میں تالہ ڈالنے کا حکم دیا تھا تاکہ ملازمین دفتر آکر کام سے نہ بھاگ نہ سکیں۔ جمعہ کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے غیر اعلانیہ دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک کلرک انور قریشی کو دیکھا کہ وہ جینز پہنے ہوئے تھا اور پان چبا رہا تھا۔ نہ صرف اس پر 500 روپے جرمانہ کیا گیا بلکہ اسے وارننگ بھی دی گئی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں رہنما اصول جاری کئے جانے کے بعد تمام ملازمین کو 15روز قبل ان قواعد و ضوابط سے آگاہ کردیا گیا تھا۔ مجسٹریٹ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم نے ایک ملازم کے خلاف سخت کارروائی اس لئے کی تاکہ دوسرے ہوشیار ہوجائیں اور ہم غیر منظم ملازمین کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائیںگے۔ بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائیگی۔ واضح رہے کہ حکومت نے اپنے ملازمین کو ہدایت کی تھی کہ وہ اچھے اور صاف ستھرے کپڑے پہن کر دفاتر آیا کریں اور کام کے دوران سگریٹ نوشی اور گٹکے و پان سے گریز کریں۔