نئی دہلی .... ایڈمنسٹریٹرز کی کمیٹی نے بی سی سی آئی کے عہدیداروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بگ تھری کے ریونیو اور انتظامی ماڈل کو ختم کرنے کے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے منصوبے کی شدو مد سے مخالفت نہ کریں۔ کمیٹی کے ارکان نے بی سی سی آئی کے جوائنٹ سیکریٹری امیتابھ چوہدری کیساتھ ایک ملاقات میں اپنا پیغام پہنچایا۔ یہ ملاقات آئی سی سی کے دبئی اجلاس میں متفقہ موقف اختیار کرنے کے سلسلے میں ہوئی تھی۔ دبئی اجلاس 27اور 28اپریل کو ہوگا۔ اس ملاقات سے یہ تنازع بھی اٹھ کھڑا ہوا کہ بی سی سی آئی میں فیصلہ سازی کا اختیار کس کے پاس ہے۔ سپریم کورٹ نے بورڈ میں اصلاحاتی عمل کی نگرانی کیلئے یہ کمیٹی قائم کی تھی لیکن اس نے امیتابھ چوہدری کو آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں شرکت کیلئے چنا ہے۔ بی سی سی آئی عہدیدار بگ تھری کے ریونیو کم کرنے کے فیصلے کے یکسر مخالف ہیں تاہم سابق سی اے جی کی سربراہی میں ایک پینل نے اس معاملے کا حل نکالا ہے۔ بی سی سی آئی کے 3عہدیداروں میں سے صرف امیتابھ چوہدری کو اجلاس میں شرکت کی د عوت دی گئی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر کمیٹی کو آئی سی سی میں کوئی تجویز پیش کرنے کا حق نہیں ہوگا۔