Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وِل سمتھ نے کامیڈین کرس راک سے معافی مانگ لی

ول سمتھ نے کرس راک کو جیڈا کے بالوں پر لطیفے سنانے پر تھپڑ مارا تھا اور گالیاں بَکی تھیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ہالی وُڈ کے اداکار ول سمتھ نے کامیڈین کرس راک سے آسکرز کی تقریب کے دوران پیش آنے والے واقعے کے بعد معافی مانگ لی ہے۔
سنیچر کے روز مائیکروبلاگنگ کی ایپ انسٹاگرام پر ول سمتھ نے کرس راک سے باضابطہ طور پر وڈیو کے ذریعے معافی مانگی ہے۔
ول سمتھ نے اپنی ویڈیو میں کہا ہے کہ ’میں نے کرس سے بات کرنے کی کوشش کی ہے لیکن وہ ابھی بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔ میں کرس سے معافی مانگتا ہوں۔ میرا رویہ بالکل بھی قابلِ قبول نہیں تھا اور وہ جب چاہے میں اس سے بات کرنے کو تیار ہوں۔ اور اس کے علاوہ خاص طور پر میں کرس کی والدہ سے معافی مانگتا ہوں۔‘
ول سمتھ نے مزید کہا ہے کہ ’پچھلے تین ماہ میں نے معاملے پر غور کیا ہے اور اس کی باریکیوں کو سمجھا ہے اور میں سب سے یہ کہنا چاہوں گا میں بالکل بھی نہیں سمجھتا کہ کسی معاملے کو اس طرح (یعنی تشدد سے) ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔‘
اس کے علاوہ ول سمتھ نے اپنی بیوی اور بچوں سے بھی معافی مانگ لی ہے۔

ول سمتھ کی اہلیہ جیڈا بالوں کی بیماری کا شکار ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

رواں برس آسکرز کی تقریب کے دوران کامیڈین کرس راک کو ول سمتھ نے اپنی بیوی جیڈا پِنکٹ سمتھ کے بارے میں مذاق اُڑانے پر تھپڑ مارا تھا جس کے بعد ول سمتھ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور ان پر آسکرز میں بھی پابندی لگ گئی ہے۔
ول سمتھ کی اہلیہ جیڈا بالوں کی بیماری کا شکار ہیں، جس پر ول سمتھ نے کرس راک کو جیڈا کے بالوں پر لطیفے سنانے پر تھپڑ مارا تھا اور گالیاں بَکی تھیں۔
ول سمتھ کو آسکرز کی اسی تقریب میں فلم ’کنگ رچرڈ‘ میں اداکاری پر بہترین ایکٹر کا ایوارڈ بھی ملا تھا۔
ول سمتھ کی معافی مانگنے کی اس ویڈیو کے بعد انسٹاگرام پر صارفین کی جانب سے بھی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
نِینا کرین کہتی ہیں کہ ’شاید اب کرس بھی اس طرح کے مذاق کرنے پر معافی مانگ لیں۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Will Smith (@willsmith)

ایلیوپ نے لکھا ہے کہ ’میں نے آپ سے پیار کرنا کبھی بند نہیں کیا۔ مجھے فخر ہے کہ آپ نے وقت لیا اور پھر بات کی۔‘
شیرل ٹروپ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہر کسی سے غلطیاں ہوتی ہیں، لیکن اچھے دل کے انسان ہی اپنی غلطی کو تسلیم کرتے ہیں، آپ اچھے دل کے ہیں ول سمتھ۔‘
ایرک سم نے لکھتے ہیں کہ ’غلطی کرنے کے بعد سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ اس غلطی کو تسلیم کریں، اس سے سبق سیکھیں اور پھر اسے ٹھیک کریں۔‘

شیئر: