سول و عسکری ملازمین کی مراعات و بونس بحال، بجٹ خسارہ پورا کرلیا، شاہ سلمان
ریاض....خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شاہی فرمان جاری کرتے ہوئے سول سروس کے تحت کام کرنے والے تمام ملازمین کے علاوہ عسکری شعبوں سے وابستہ ملازمین کے تمام بونس بحال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شاہ سلمان نے ہفتے کو فرمان جاری کرکے یمن میں فیصلہ کن طوفان اور امید کی بحالی آپریشن میں کام کرنے والے عسکری اداروں کے تمام افسران کو 2ماہ کی تنخواہ بطور بونس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہ سلمان نے تعلیمی سال رمضان سے قبل ختم کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ واس سے جاری تفصیلات کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ سول سروس کے تحت کام کرنے والے تمام سرکاری ملازمین کے بونس اور مالی مراعات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ نائب ولی عہد اور اقتصادی امور کونسل کے سربراہ کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کیا گیا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل نرخ گرنے پر حکومتی آمدنی کمی کے باعث تیل کے متبادل کے طور پر دیگر ذرائع سے آمدنی حاصل کی جائے۔ اس پالیسی پر عمل کرنے سے آمدنی و اخراجات میں توازن اور بجٹ خسارہ پورا کیا گیا۔ شاہ سلمان نے کہا کہ آمدنی و اخراجات میں توازن پیدا ہونے کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ سول سروس کے ملازمین کے بونس اور مالی مراعات پر نظر ثانی کی جائے۔ حکومت اس بات کی خواہشمند ہے کہ شہریوں کو مراعات دی جائیں اور باعزت زندگی کے اسباب فراہم کئے جائیں۔ اس پس منظر میں فیصلہ کیا ہے کہ سول سروس کے تمام ملازمین کے علاوہ عسکری شعبوں سے وابستہ افراد کے وہ تمام بونس اور مالی مراعات بحال کی جائیں اور صورتحال ویسی ہی ہو جائے جیسے فیصلے سے پہلے تھی۔ دریں اثناء شاہی فرمان میں شہزادہ خالد بن سلمان کو امریکہ میں سعودی عرب کا سفیر مقرر کیا گیا ۔ شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کو وزیر مملکت برائے توانائی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔عبدالعزیز بن سعد کو حائل ریجن کا گورنر مقرر کیا گیا۔ حسام بن سعود کو باحہ ریجن کا گورنر بنایا گیا۔ شہزادہ فہد بن ترکی کو بری افواج کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ اسپورٹس بورڈ سے عبداللہ بن مساعد کو سبکدوش کردیا گیا ہے۔