جوشوا اور یوسیک کے ری میچ کے موقع پرلائیو پرفارم کے لیے بے چین ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر
امریکی معروف گلوکار رسل ریپر (رس) 20 اگست میں جدہ میں برطانوی باکسرز انتھونی جوشوا اور یوکرینی باکسر الیگزینڈر یوسیک کے درمیان ورلڈ ہیوی ویٹ ٹائٹل کے ری میچ کے موقع پر لائیو پرفارم کرنے کے لیے بے چین ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق 29 سالہ امریکی گلوکار اور نغمہ نگار رسل جیمس ویٹل جو عام طور پر رس کے نام سے جانے جاتے ہیں اس سے پہلے بھی 2019 میں مملکت میں پرفارم کر چکے ہیں اور انہیں نوجوان نسل نے خوب سراہا تھا۔
امریکی گلوکار رس دنیا کے مقبول ترین ریپرز میں سے ایک ہیں جنہوں نے کسی بڑے لیبل کی حمایت کے بغیر سپوٹیفی اور ایپل میوزک پر 10 بلین سٹریمز حاصل کیے اور 2019 میں امریکی فوربس میگزین کی فہرست میں شامل ہوئے۔
معروف امریکی گلوکار 2010 کی دہائی کے دوران موسیقی کے سہارے اٹلانٹا کے علاقے سے منظر عام پر آئے ہیں اور درجنوں گانے اور البمز جاری کر کے اپنی شناخت قائم کی ہے۔
ان کے انفرادی گانے اور البمز مکمل طور پر ڈاون لوڈنگ کے لیے دستیاب ہیں۔2017 میں رس نے اپنی بہترین پرفارمنس کے باعث گلوکاری کی دنیا میں پیش رفت کی اور 2018 میں کئی البمز تیار کئے۔
برطانوی باکسرز انتھونی جوشوا اور یوکرینی باکسر الیگزینڈر یوسیک کے درمیان ہیوی ویٹ ٹائٹل کے لیےدوبارہ ہونےوالا یہ مقابلہ کھیل کی تاریخ میں سب سے بڑا مقابلہ سمجھا جاتا ہے۔
قبل ازیں ان دونوں کے درمیان ستمبر2021 میں لندن کے ٹوٹنہم ہاٹسپر سٹیڈیم میں فائٹ ہوئی تو الیگزینڈر یوسیک نے بہتر پرفارمنس کی اور متفقہ فیصلے سے فتح یاب ہوئے انہوں نے ورلڈہیوی ویٹ چیمپئن بننے کے لیے تین عالمی ہیوی ویٹ ٹائٹل جیتے ہیں۔