Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نئے ماڈل پرانی قیمت میں، سام سنگ کو دو نئے فولڈیبل فونز کے ساتھ برتری

سام سنگ نے دو نئے سمارٹ فولڈیبل فون اور ایئر بڈز لانچ کیے ہیں۔ فوٹو: روئٹرز
ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے دو نئے فولڈیبل سمارٹ فونز متعارف کروائے ہیں جبکہ ان کی قیمت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سام سنگ نے گلیکسی زی فلپ فور اور گلیکسی زی فولڈ فور سمارٹ فون بدھ کو لانچ کیے ہیں۔
ان دونوں سمارٹ فونز کی خصوصیت یہ ہے کہ انہیں دیگر فونز کے مقابلے میں فولڈ یعنی تہہ کیا جا سکتا ہے۔
گلیکسی زی فلپ فور کی قیمت امریکہ میں تقریباً ایک ہزار (999.99) ڈالر ہے جبکہ فائیو جی ٹیکنالوجی سے آراستہ گلیسکی زی فولڈ فور کی قیمت تقریباً اٹھارہ سو ڈالر (1,799.99) سے شروع ہو رہی ہے۔
ان دونوں نئے سمارٹ فونز کی قیمتیں وہی رکھی گئی ہیں جو گزشتہ سال لانچ ہونے والے ماڈلز کی تھیں۔
گلیسکی زی فولڈ فور کی مِین سکرین 7.6 انچ ہے جبکہ فرنٹ پر ایک کیمرا اور بیک پر تین کیمرے نصب ہیں۔
سام سنگ الیکٹرانکس کے صدر ٹی ایم روح کا کہنا ہے کہ کمپنی نے اس کیٹیگری میں بننے والے فون میں اس طرح کی تبدیلیاں متعارف کی ہیں کہ دنیا بھر سے لاکھوں صارفین ان ماڈلز سے فائدہ اٹھا سکیں۔
گلیکسی زی فلپ فور اور زی فولڈ فور سمیت نئے لانچ ہونے والے ایئر بڈز ’گلیکسی بڈز ٹو پرو‘ 26 اگست سے امریکہ، جنوبی کوریا اور چند یورپی ممالک کی مارکیٹ میں صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔
موبائل اور ٹیکنالوجی مصنوعات پر تحقیق کرنے والی کمپنی ’کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ‘ نے اندازہ لگایا ہے کہ رواں سال فولڈیبل سمارٹ فونز کے استعمال میں اضافے کے بعد عالمی ترسیل ایک کروڑ 60 لاکھ یونٹ تک بڑھ جائے گی جبکہ گزشتہ سال 90 لاکھ فولڈیبل سمارٹ فونز دنیا بھر کی مارکیٹ میں ارسال کیے گئے تھے۔
رواں سال مجموعی طور پر سمارٹ فونز کی فروخت میں کمی دیکھی گئی تھی لیکن فولڈیبل فونز کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
فولڈیبل سمارٹ فونز کی فروخت کے حجم  کا جائزہ لیا جائے تو سال 2022 کے پہلے چھ ماہ میں سام سنگ کے 62 فیصد مارکیٹ شیئر تھے جبکہ چینی کمپنی ہوا وے کے 16 فیصد اور اوپو کے تین فیصد شیئر رہے۔
کاؤنٹر پوائنٹ ریسرچ کا کہنا ہے کہ سام سنگ کے نئے فونز کی لانچنگ کے بعد رواں سال کے آخری چھ ماہ میں کمپنی کے شیئر 80 فیصد تک ہونے کا امکان ہے۔

شیئر: