نئی دہلی۔۔۔۔دہلی کی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کے ایگزٹ پولزمیں بی جے پی کی اکثریت ظاہر کی گئی ہے۔ دہلی کی تینوں کارپوریشنوں میں بی جے پی اکثریت میں ہے۔دہلی میونسپل کے انتخابات گزشتہ روز ہوئے تھے۔ 3کارپوریشنوں کے 270وارڈ ز میں ووٹوں کی گنتی 26اپریل کوہوگی۔ وزیر اعلیٰ کیجریوال نے پھر ووٹنگ مشینوں میں گڑ بڑکا الزام عائد کیا ہے۔2ایگزٹ پول میں بی جے پی کو 216اور عام آدمی پارٹی کو 25اور کانگریس کو 26نشستیں ملتی دکھائی گئی ہیں۔انڈیا ٹوڈے ایگزٹ پول کے مطابق بی جے پی کی 202سے 220، عام آدمی پارٹی کی 23سے 35اور کانگریس کی 19سے 31سیٹیں دکھائی گئی ۔اے بی پی نیوز نے بھی بی جے پی کی اکثریت ظاہر کی ہے۔ تاہم اس کا کہنا ہے کہ بی جے پی کو شمالی دہلی سے 88،جنوبی دہلی سے 83اور مشرقی دہلی سے 47سیٹیں ملیں گی اس طرح کل 218نشستوں پر قبضہ ہوسکتا ہے۔عام آدمی 24اور کانگریس 22نشستوں پر کامیاب ہوگی۔