حوثی ملیشیا کے لیے ایران سے ہتھیاروں کی سمگلنگ کا اعتراف
حوثی ملیشیا کے لیے ایران سے ہتھیاروں کی سمگلنگ کا اعتراف
اتوار 14 اگست 2022 15:22
یمنی فوج اور حوثیوں کے مابین جنگ بندی میں رواں ماہ تیسری توسیع کی گئی۔ فوٹو عرب نیوز
یمن کے وزیر اطلاعات معمر الاریانی نے بتایا ہے کہ الحدیدہ میں حوثی ملیشیا کے ایک گروہ نے ایران سے ہتھیاروں کی سمگلنگ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نے اس گروہ کو مسلح کرنے اور جنگ بندی کی کوششوں کو کمزور کرنے میں تہران کے ملوث ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔
وزیراطلاعات نے بتایا ہے کہ مغربی ساحلی علاقے میں یمن کی مشترکہ افواج کی جانب سے سیکیورٹی آپریشن کے نتیجے میں پکڑے گئے حوثیوں کے ایک سیل میں شامل یمنی باشندوں کی ویڈیو جاری ہونے کے بعد یہ بیان سامنے آیا ہے۔
ویڈیو بیان میں یمنی باشندوں نے ایران کی پورٹ بندر عباس سے یمن کے شہر حدیدہ میں حوثیوں کے لیے کام کرنے والے ایک ڈیلر کو ہتھیار سمگل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
حوثیوں کے لیے کام کرنے والے یمنی باشندوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کی تمام کارروائیوں کی نگرانی ایران کے پاسداران انقلاب کے ماہرین کرتے رہے ہیں۔
اپنے ایک ٹویٹ میں معمر نے کہا ہے کہ ہتھیاروں کی سمگلنگ کی کارروائیوں کے اعترافات بین الاقوامی قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔
حوثی ملیشیا کو ہتھیاروں کی مسلسل فراہمی کی یہ تصدیق یمن کی جانب سے کشیدگی میں کمی کی کوششوں کو کمزور کرنے میں ایران کے کردار کو واضح کرتے ہیں۔
یمنی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران یمنی شہریوں کو قتل کرنے، علاقائی عدم استحکام پیدا کرنے اور دہشت گردی کو فروغ دینے کے لیے حوثیوں کو استعمال کر رہا ہے جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
معمر الاریانی نے ایران پر اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے پانے والے اسٹاکہوم معاہدے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حدیدہ بندرگاہوں کو ہتھیاروں کی سمگلنگ کے لیے استعمال کرنے کا الزام بھی لگایا ہے۔
یمن کے وزیر اطلاعات نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کے اراکین سے مطالبہ کیا ہے کہ ایران کی تخریب انگیز پالیسیوں کی واضح مذمت کریں اور یمن کے معاملات میں مداخلت بند کرنے کے لیے حقیقی دباؤ ڈالیں۔
قبل ازیں یمن کی فوج نے ایران کی حمایت یافتہ ملیشیا پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا بارہا الزام لگایا ہے۔
یمنی فوجیوں اور شہریوں پر مسلسل حملوں کے بعد کی گئی جنگ بندی میں رواں ماہ کے آغاز میں تیسری بار توسیع کی گئی تھی۔