برطانوی فٹبالر مریم محمود کو پاکستان کی طرف سے کھیلنے کی پیشکش
مریم محمود کلب کی کٹ لانچ کا بھی حصہ تھیں۔ (تصویر: ویسٹ بروم)
پاکستان فٹبال فیڈریشن نے انگلش فٹبال کلب ویسٹ بروم کی پاکستانی نژاد برطانوی فٹبالر مریم محمود کو پاکستان کی طرف سے کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔
’سکائی نیوز‘ کے مطابق اٹھارہ سالہ مریم محمود کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کی قومی ٹیم سے کھیلنے کے لیے پیشکش ان کے لیے ’اعزاز‘ ہے۔
تاہم پاکستانی نژاد برطانوی فٹبالر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ابھی اپنے کھیل پر توجہ دے رہی ہیں اور اسے بہتر بنانا چاہتی ہیں۔
پی ایف ایف کے اندرونی تنازعات کے باعث پاکستان کی فٹبال ٹیم نے 2014 سے لے کر اب تک کوئی میچ نہیں کھیلا لیکن آٹھ سال بعد اگلے ماہ پاکستانی ٹیم نیپال میں ہونے والی ’ساؤتھ ایشین ویمن چیمپیئن شپ‘ میں حصہ لے گی۔
مریم محمود ویسٹ بروم کی جانب سے بحیثیت سٹارئیکر کھیلتی ہیں اور وہ پچھلے ماہ کلب کی کٹ لانچ کا بھی حصہ تھیں۔
مریم محمود انگلش کلب کی جانب سے سیزن سے قبل چار فرینڈلی میچوں میں تین گول سکور کرچکی ہیں۔
اس سے قبل مریم محمود ایک انٹرویو میں کہہ چکی ہیں کہ ’مجھے امید ہے جب دیگر لڑکیاں خصوصاً جنوبی ایشیائی لڑکیاں ہمیں کھیلتا ہوا دیکھیں گی اور سمجھیں گی کہ وہ بھی جو چاہیں کرسکتی ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نوجوان لڑکیوں کو متاثر کرنا چاہتی ہوں تاکہ وہ یہ کھیل کھیلیں اور مجھے امید ہے کہ ان میں سے کچھ کو ایک دن موقع ملے کہ وہ ہماری طرح سٹیڈیم میں فٹبال کھیلیں۔‘