پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے بعد متوقع گرفتاری کے پیش نظر پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد رات گئے بنی گالہ پہنچ گئی ہے۔
کارکنان نے عمران خان کی گرفتاری کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے ان کی سکیورٹی کے لیے بنی گالہ کے باہر ڈیرے ڈال دیے ہیں۔ لاہور اور دیگر شہروں میں بھی کارکن گھروں سے باہر نکل آئے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا ہنگامی آن لائن اجلاس بھی ہوا جس میں عمران خان کی ممکنہ گرفتاری یا کوشش کی صورت میں پارٹی کی حکمت عملی طے کی گئی۔
مزید پڑھیں
ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے عمران خان کی گرفتاری کی کوشش پر ملک بھر میں کارکنان کو باہر نکلنے اور بغیر کسی کال کے احتجاج کی ہدایت کر دی۔
عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر بنی گالہ کے عمران خان چوک پر کارکنان پہنچنا شروع ہو گئے۔
درجن بھر کارکنان اس وقت بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے قریب چوک پر موجود ہیں۔ عمران خان چوک پر مامور پولیس اہلکار کارکنان کو آگے جانے کی اجازت نہیں دے رہی۔
بنی گالہ میں اس وقت معمول کے مطابق سکیورٹی موجود ہے۔ اضافی نفری تعینات نہیں کی گئی ہے۔
کارکنان کی جانب سے عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف نعرے بازی کی جارہی ہے اور اس عزم کا اظہار کیا جارہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں مزاحمت کریں گے۔
پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری نے بنی گالہ میں رات گئے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کی اطلاع موصول ہوئی ہے لیکن تاحال کوئی پولیس اہلکار وارنٹ گرفتاری لے کر نہیں آئے۔
ان کا کہنا تھا کہ وارنٹ گرفتاری کی اطلاع ملنے پر کارکنان کو بنی گالہ پہنچنے کی کال دے دی گئی ہے۔ ‘ہم عمران خان کو کسی صورت گرفتار نہیں ہونے دیں گے۔ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے۔‘
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’عمران خان بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ میں ہیں سینکڑوں کارکنان اس وقت بنی گالہ پہنچ چکے ہیں لیڈرشپ میں کئی لوگ یہاں موجود ہیں اور ہزاروں لوگ اب ملک کے دوسرے حصوں سے بنی گالہ کی طرف رواں دواں ہیں۔‘
عمران خان بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ میں ہیں سینکڑوں کارکنان اس وقت بنی گالہ پہنچ چکے ہیں لیڈرشپ میں کئ لوگ یہاں موجود ہیں اور ہزاروں لوگ اب ملک کے دوسرے حصوں سے بنی گالہ کی طرف رواں دواں ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 21, 2022
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کا ایک آڈیو پیغام بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے جس میں وہ ایسی کسی بھی کوشش کی صورت میں عوام بالخصوص پارٹی کارکنان کو احتجاج کے لیے باہر نکلنے کا کہہ رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے بھی اپنی ٹویٹ میں تحریک انصاف کے کارکنان کو گھروں سے نکلنے کی کال دی ہے۔
خیال رہے اس سے قبل اتوار کی شام کوعمران خان کے خلاف پولیس کے اعلیٰ افسران اور ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو ’ڈرانے اور دھمکانے‘ پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔
اگر خان صاحب کو گرفتار کرنے کی کوشش، ہو آپ نے گھروں سے نکلنا ہے-
ہر شہر میں جہاں جہاں پی ٹی آئی کی سیاسی گیدرنگ ہوتی ہے
کسی کال انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا یا پارٹی کی کال کا انتظار کئے بغیر#نكلو_پاکستان_كى_خاطر— Dr. Yasmin Rashid (@Dr_YasminRashid) August 21, 2022