لکھنو۔۔۔۔ یوپی کے نئے ڈی جی پی سلکھان سنگھ اترپردیش کے ضلع باندہ کے جوہر پور گاؤں کے رہنے والے ہیں ان کے گھر پر سلکھان سنگھ(آئی پی ایس)ضرور لکھا ہوا ہے مگر وہ انتہائی سادہ نظر آتاہے۔ ڈی جی پی سلکھان سنگھ کی ماں ارون عرف کروئیا دیوی آج بھی اسی گاؤں میں سادے انداز سے زندگی گزاررہی ہیں،انہیں دیکھ کر کوئی بھی اندازہ نہیں لگا سکتا کہ یہ یوپی کے ڈی جی پی سلکھان سنگھ کی ماں ہیں۔ ان کی ماں بتاتی ہیں کہ میرے چار بیٹے ہیں ان میں سے ایک سلکھان بھی ہےجو ڈی جی پی بن گیا۔ گاؤں والوں کو جیسے ہی خبر ملی کہ سلکھان سنگھ ڈی جی پی بن گیا توگاؤں میں خوشیاں منائی گئیں لوگوں نے مبارک باد دی ۔سلکھان سنگھ کے سب سے چھوٹے بھائی رجنیش گاؤں میں رہ کر کھیتی باڑی کا کام انجام دے رہے ہیں، ڈی جی پی سلکھان کے ایک بیٹا اور دوبٹیاں ہیں ۔گاؤں والے بتاتے ہیں کہ وہ جب بھی گاؤں آتے تھے تو ان کی سادگی قابل دید ہوتی ۔ان کی صبح کسرت اور یوگاسے شروع ہوتی تھی۔ سلکھان سنگھ اپنےاصولوں کے پکے اور کام میں لاپروائی پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرتے ۔سلکھان سنگھ نے اپنے عہدے پر تعیناتی کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ ریاست میں قانون کا راج ہو گا، پولیس والوں کو کام کرنے کی مکمل آزادی ہوگی۔ گؤركشا کے نام پر کسی کو قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا، جرم ختم کیا جائے گا۔پولیس غیرجانبداری کے ساتھ کام کرےگی۔کوئی بھی اگر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث پایا جائیگا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔خواہ وہ کوئی بھی ہو چاہےاس کا تعلق حکمراں جماعت سے ہو یا نہیں، اسے چھوڑا نہیں جائے گا۔