Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کا شہباز شریف سے اختلاف کی خبروں پر شدید ردعمل، ’گمراہ کن اور غلط ہیں‘

نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف کے بارے میں ان سے منسوب منفی تبصرے گمراہ کن اور غلط ہیں۔ فائل فوٹو: سکرین گریب
سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے بارے میں ان سے منسوب منفی تبصرے گمراہ کن اور غلط ہیں۔
جمعرات کی رات کو ٹوئٹر پر ایک بیان میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف کے بارے میں مجھ سے منسوب منفی کمنٹس گمراہ کن اور غلط ہیں۔ مجھے امید ہے کہ انتہائی مشکل حالات میں شہباز شریف کی مخلصانہ اور انتھک کوششیں رنگ لائیں گی اور وہ عمران خان کی جانب سے پیدا کردہ بحران سے ملک کو نکالیں گے۔‘
خیال رہے تجزیہ کار و صحافی  سہیل وڑائچ نے جیو نیوز کے پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ نواز شریف نہ شہباز شریف کی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور نہ ہی مفتاح اسماعیل کی کارکردگی سے۔
حال ہی میں لندن میں نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں سہیل وڑائچ نے کہا تھا کہ نواز شریف معاشی پالیسوں سے بالکل مطمئن نہیں اور وفاقی وزیر خزانہ  مفتاح اسماعیل کی کارکردگی انہیں بالکل نہیں بھا رہی۔
’انہوں نے بار بار کہا کہ  میں نے تو پہلے ہی کہا تھا کہ حکومت نہ لیں اور الیکشن کی طرف جائیں۔‘ سہیل وڑائچ کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ نواز شریف نے ذہن بنا لیا ہےکہ اگر کوئی معاشی پالیسی وہ چاہتے ہیں تو وہ اسحاق ڈار ہی کے ذریعے ہوگی، وہ مفتاح اسماعیل پر اعتماد نہیں کر رہے اور سمجھتے ہیں کہ وزیرخزانہ کو معاشی پالیسیوں کا اتنا علم نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سمجھتے ہیں کہ شہباز حکومت اچھا پرفارم نہیں کر رہی پر وہ عمران خان کو بھی کوئی ریلیف دینے کو تیار نہیں،  وہ عمران خان کو اپنا سب سے بڑا حریف اور فاشسٹ سمجھتے ہیں،  چاہتے ہیں پہلے اس  فاشسٹ سے نمٹ لیں باقی معاملات پھر دیکھ لیں گے۔
ماہر معاشی امور فیضان خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان مبینہ رسہ کشی پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’نواز شریف شہباز شریف اور مفتاح اسماعیل کے پیچھے کھڑے ہوں ان کے لیے یہ نمبر چوائس ہے۔ باقی تمام افواہیں جعلی ہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور آنے والے مہینوں میں سخت فیصلوں کا پھل کھائے گی۔‘
پاکستانی سیاست میں اپنی پیش گوئیوں کی وجہ سے مشہورسابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی اس معاملے پر ٹویٹس میں لکھا کہ ’آئی ایم ایف کے ایجنڈے سے مفتاح اسماعیل تبدیل ہوں گے اور شہباز شریف گھر جائیں گا۔‘
انہوں نے ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں ٹوٹ پھوٹ کے دعوے کو دہرایا اور کہا ’ستمبر اہم فیصلوں کا مہینہ ہے۔ ن سے ش بھی نکلے گی، پی ڈی ایم بھی ٹوٹے گی اور الیکشن کی تاریخ بھی آئے گی۔‘
پاکستانی اینکرپرسن اور صحافی سلیم صافی نے اس معاملے پر اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ’شہباز شریف نے کوئی قدم نواز شریف کی مرضی کے خلاف نہیں اٹھایا اور مفتاح اسماعیل نے کوئی کام شہباز کی مرضی کے خلاف نہیں کیا۔‘
انہوں نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں موجود نہیں رہے جبکہ مفتاح اسماعیل، شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم نواز اور دیگر پارٹی لیڈر جیلوں میں جاتے رہے۔

شیئر: