Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں انٹرنیٹ سروس متاثر، ’پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں‘

سول ایوی ایشن کے مطابق کوئٹہ ایئر پورٹ پر آپریشن معمول کے مطابق ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان سول ایوی ایشن نے کہا ہے کہ کوئٹہ انٹرنیشل ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔
جمعے کو سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں مقامی میڈیا پر چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایئر پورٹ کا مواصلاتی نیٹ ورک مکمل طور پر فعال ہے اور پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔
بیان کے مطابق ایئر پورٹ آپریشن متاثر ہونے سے متعلق میڈیا پر چلنے والی خبریں حقیقت کے برعکس ہیں۔
جمعرات کو بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں دن بھر شدید بارش جارے رہنے کی وجہ سے موبائل،  پی ٹی سی ایل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروس اکثر مقامات پر متاثر تھی جبکہ رات گیارہ بجے کے بعد کوئٹہ اور نواحی علاقوں میں مکمل بلیک آؤٹ ہو گیا تھا۔
مقامی میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ بارش کے باعث کوئٹہ ایئرپورٹ کا رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے اور پروازوں کی آمد و رفت معطل ہے۔ تاہم سول ایوی ایشن نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ یہ حقیقت کے برعکس ہیں
پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے باعث پل، سڑکوں اور انفراسٹرکچر سمیت آپٹک فائبر کیبلز کو نقصان پہنچا ہے جس سے شمالی اور مرکزی بلوچستان کے ساتھ رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تکنیکی ٹیمیں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کرنے کے لیے کام کر رہی ہیں۔

شیئر: