پی ٹی آئی کی جیت، عمران خان کی گرفتاری کا خطرہ، شادی شدہ خاتون سے زیادتی اور سیلاب کی صورتحال سمیت پاکستان سے ہفتہ بھر کی اہم خبریں
پی ٹی آئی کی جیت، عمران خان کی گرفتاری کا خطرہ، شادی شدہ خاتون سے زیادتی اور سیلاب کی صورتحال سمیت پاکستان سے ہفتہ بھر کی اہم خبریں
ہفتہ 27 اگست 2022 0:03
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
اسلام آباد میں شادی شدہ خاتون سے تین افراد کی زیادتی، ضمنی انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی جیت اور عمران خان کی گرفتاری کا خطرہ پاکستان سے ہفتہ رفتہ کی اہم خبریں رہیں۔
ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کے بعد پیداشدہ سیلابی صورتحال، بجلی کے بلوں پر ریلیف دینے کا حکومتی اعلان اور پی ٹی آئی حکومت میں سی پیک پر کام سے متعلق چینی قونصل جنرل کا بیان بھی نمایاں خبروں میں شامل رہا۔
بروجن داس: پاکستانی تیراک جنہیں جیت کی خوشخبری ہسپتال کے بستر پر ملی
’مقابلہ سنسنی خیز ہو گیا جب اعلان ہوا کہ تیراک نمبر 19 ڈوور ساحل سے نصف میل دور ہے۔ جب ہم گھاٹ پہ پہنچے تو دیکھا کہ بروجن داس اپنے آپ کو گھسیٹ کر ساحل کی ابھری چٹان تک پہنچنے کی کوشش کر رہا ہے۔ چینل انتظامیہ کی طرف سے اعلان ہو رہا تھا کہ پیراک نمبر 19 مقابلہ جیتنے کے قریب ہے۔ ہم اپنی بوٹ سے دیکھ رہے تھے کہ جب وہ چٹان تک پہنچا تو تھکن کی وجہ سے وہی ڈھیر ہو گیا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف کا بجلی کے بلوں پر ریلیف دینے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’ایک کروڑ 71 لاکھ صارفین کو بجلی کے بلوں پر فیول ایڈجسٹ منٹ چارجز نہیں دینا پڑیں گے۔‘
’ہم تیل باہر سے مہنگا درآمد کرتے ہیں اور پھر آئندہ ماہ بجلی کے بلوں میں اسے ایڈجسٹ کردیا جاتا ہے، جولائی اور اگست میں فیول ایڈجسٹ منٹ کے چارجز میں زیادہ اضافہ ہوا۔‘
’پوری عدلیہ کو بدنام کیا گیا‘، عمران خان 31 اگست کو طلب
اسلام آباد ہائی کورٹ نے توہین عدالت کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں 31 اگست کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔
منگل کو جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل لارجر بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
’گزشتہ حکومت میں سی پیک پر کام متاثر نہیں ہوا، غلط معلومات پھیلائی گئیں‘
کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل لی بی جیان نے کہا ہے کہ پاکستان میں چینی باشندوں کی سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش ہیں، چینی سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کرنا چاہیے۔
اردو نیوز کو انٹرویو میں لی بی جیان کا سی پیک کے بارے میں کہنا تھا کہ یہ پاکستان اور چین کا مشترکہ منصوبہ ہے اور دونوں ممالک اس کو اہمیت دیتے ہیں۔ انہوں نے سی پیک منصوبوں میں تاخیر کی وجہ کورونا وبا اور سکیورٹی کی صورت حال کو قرار دیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گِل آج کل اداروں میں بغاوت اکسانے کے مبینہ کیس کا سامنا کر رہے ہیں۔ وہ کبھی جیل میں منتقل ہو رہے ہیں تو کبھی تھانے اور ہسپتال میں۔
جب نو اگست کو شہباز گِل گرفتار ہوئے تو اگلے دو دنوں تک پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت ان سے ملنے نہ آئی اور حتٰی کے انہیں کپڑے، کھانا وغیرہ فراہم کرنے کے لیے بھی پارٹی کا کوئی رہنما یا کارکن نہیں آیا۔
کراچی ضلع شرقی حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمود مولوی بھاری مارجن سے جیت گئے ہیں۔
اتوار کو ہونے والے الیکشن کے الیکشن کمیشن کے آر ایم ایس سسٹم پر موصول ہونے والے تمام 263 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار نے میدان مار لیا ہے۔
’شرم کرو، کوئی توہین نہیں ہے‘:عمران خان کی عبوری ضمانت منظور
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی دہشت گردی کے مقدمے میں عبوری ضمانت یکم ستمبر تک منظور کر لی گئی ہے۔
جمعرات کو عمران خان قبل از ضمانت گرفتاری کے لیے اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔
20 اگست کو اسلام آباد میں ریلی سے خطاب میں عمران خان نے اسلام آباد پولیس کے اعلٰی افسران اور خاتون ایڈیشنل سیشن جج کو مبینہ طور پر دھمکیاں دی تھیں جس پر ان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔
اسلام آباد میں شادی شدہ خاتون سے تین افراد کی مبینہ زیادتی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے تین افراد کے خلاف ایک شادی شدہ خاتون سے زیادتی کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔
اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ میں متاثرہ خاتون کی جانب سے ایف آئی آر درج کرائی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ’خاتون کرائے کا مکان حاصل کرنے کی خواہش مند تھیں کہ سعد نامی شخص نے انھیں کال کی کہ میں نے آپ کے لیے مکان ڈھونڈا ہے آ کر دیکھ لیں۔ متاثرہ خاتون شام سات بجے اپنے ایک بچے کے ہمراہ کشمیر ہائی وے اور کلب روڈ کے سنگم پر واقع کشمیر چوک پہنچی جہاں سے ملزم انھیں اپنے گھر لے گیا۔‘
دریائے سوات اور کابل میں ’اونچے درجے کا سیلاب‘ ، 937 ہلاکتیں
پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ نے خبردار کیا ہے کہ اگلے 48 گھنٹوں میں دریائے کابل، دریائے سندھ اور اس سے منسلک ندی نالوں میں ’انتہائی درجے کے سیلاب کا خدشہ‘ ہے، جبکہ بلوچستان میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران فلیش فلڈنگ کی صورتحال برقرار رہ سکتی ہے۔جمعے کو پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں تین لاکھ کیوسک کے سیلابی ریلے کا خطرہ ہے۔