نیا تعلیمی سیشن، سعودی سکولوں میں طلبہ کے خیرمقدم کےلیے تیاریاں
سکولوں میں 40 لاکھ نصابی کتابیں پہنچائی گئی ہیں( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے سکولز نئے تعلیمی سال کے آغاز کے لیے دسیوں ہزار طلبہ کے استقبال کی تیاریاں کر رہے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مملکت میں اتوار سے سکولز کھلنے کے باعث تعلیمی حکام کلاس روم کی ہموار واپسی کے لیے منصوبہ بندی میں مصروف ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق مشرقی صوبے میں ایک ہزار 627 سکولوں میں 40 لاکھ نصابی کتابیں پہنچائی گئی ہیں۔
محکمۂ تعلیم کے ترجمان سعید البحیس نے کہا کہ 50 ہزار سے زائد طلبہ کے لیے 700 کے قریب بسیں مختص کی گئی ہیں جنہوں نے نور سسٹم کے ذریعے سکول ٹرانسپورٹ کے لیے رجسٹریشن کرائی تھی۔
جازان کے تعلیمی منتظمین نے کہا ہے کہ وہ خطے میں ایک ہزار320 سرکاری اور نجی سکولوں میں مرحلہ وارایک لاکھ 62 ہزار583 طلبہ کی سکولوں میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔
ریجنل ڈائرکٹر جنرل آف ایجوکیشن ملیحہ بن حسن نے کہا ہے کہ کئی محکموں کے ملازمین نے انتھک محنت کرکے اس بات کو یقینی بنایا کہ سکولوں کی عمارتیں اور سیکھنے کا سامان دوبارہ کھولنے کے لیے تیار اور جگہ پر ہے۔
الاحسا کے گورنر شہزادہ سعود بن طلال بن بدر طلبہ کی سکولوں میں واپسی کی تیاری میں علاقے کے تعلیمی سربراہوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
شہزادہ سعود بن طلال بن بدر نے الطموح پرائمری سکول برائے ابتدائی بچپن کے دورے کے دوران حکام اور انتظامی عملے سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انہیں الطموح پرائمری سکول کے مستقبل کے منصوبوں اور پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔