لاہور..پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپیئنز ٹرافی کیلئے سرفراز احمد کی زیر قیادت 15 رکنی پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔ کامران اکمل کو ڈراپ کردیاگیا ۔سابق کپتان اظہر علی اور عمر اکمل کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے ۔ فاسٹ بولر سہیل خان کو پھر نظر انداز کردیا گیا ۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ انگلینڈ کی کنڈیشنز اور موجودہ فارم کو مدنظر رکھ کر ایونٹ کیلئے بہترین دستیاب کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔انگلش کنڈیشنز میں اظہر علی کے اچھے ریکارڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ۔ عمر اکمل کو فٹنس میں بہتری پر ٹیم میں شامل کیا گیا۔ شاداب خان اور فہیم اشرف کو بھی اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔ پاکستان کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔سرفراز احمد(کپتان)، اظہر علی، احمد شہزاد، فخر زمان، بابر اعظم، فہیم اشرف، محمد حفیظ، شعیب ملک، عمر اکمل، محمد عامر، شاداب خان، عماد وسیم، وہاب ریاض، حسن علی اور جنید خان۔