پاکستان ٹیم نے ہانگ کانگ کے خلاف 155 رنز کی بڑی جیت کے بعد ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
جمعے کو شارجہ میں ہونے والے میچ میں ہانگ کانگ کی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے صرف 38 رنز ہی بنا سکی۔
مزید پڑھیں
-
انڈین آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ ایشیا کپ سے باہر ہوگئےNode ID: 697486
ایشیا کپ کے سپر فور کے مرحلے میں رسائی کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کا پہلا میچ اتوار کو دبئی میں روایتی حریف انڈیا سے ہو گا۔
اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
پاکستان اور انڈیا کا اس ایشیا کپ میں دوسری مرتبہ آمنا سامنا ہو گا اور اگر دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچ جاتی ہیں تو یہ ٹورنامنٹ میں ان دونوں کا تیسرا میچ ہو گا۔
انڈیا کو ایشیا کپ کے بقیہ میچز میں انجرڈ آل راؤںڈر رویندرا جڈیجہ کی خدمات حاصل نہیں ہو گی۔ ان کی جگہ اکشر پٹیل کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کا سپر فور مرحلے میں انڈیا کے خلاف میچ کے بعد اگلا مقابلہ سات ستمبر کو افغانستان سے ہو گا۔ جبکہ آخری میچ نو ستمبر کو سری لنکا سے ہو گا۔
دوسری جانب انڈیا سپر فور مرحلے میں انڈیا کا پہلا میچ چار ستمبر کو پاکستان سے ہو گا، جبکہ 6 اور 8 ستمبر کو بالترتیب سری لنکا اور افغانستان سے مقابلہ ہو گا۔
پاکستان اور انڈٰیا کے میچ کے بارے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صارفین میں ابھی سے جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
سعد چندنا لکھتے ہیں کہ ’اب ایک مرتبہ پھر سے پاکستان اور انڈیا کا میچ ہے۔ اب یہ بڑے سکور والا سنسنی خیز میچ ہونا چاہیے لیکن پاکستان جیتنا چاہیے، میں آج کی کارکردگی کی وجہ سے بہت خوش ہوں۔‘
کرکٹ انسائٹ نامی ایک ہینڈل نے ٹویٹ کیا کہ ’آج کی پاکستان کی اس کارکردگی کے بعد شرط لگاتا ہوں کہ چار ستمبر والا میچ 28 والے سے بھی سخت ہو سکتا ہے۔‘
تقی چٹھا کا کہنا تھا کہ ’رضوان کیا پلیئر ہیں، سچ میں چیمپیئن ہیں، بہت تمنا ہے کہ وہ انڈیا کے خلاف اتوار کو میچ ختم کریں۔‘