Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زلفی بخاری نے برطانوی شہریت چھوڑ دی، ’مشکل وقت میں عمران خان کے ساتھ‘

زلفی بخاری نے کہا ہے کہ ’اب عمران خان کے ساتھ مل کر حقیقی آزادی کی جدوجہد کروں گا۔‘ (فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما زلفی بخاری نے برطانوی شہریت چھوڑ دی ہے۔
سنیچر کو برطانوی ہوم ڈیپارٹمنٹ نے زلفی بخاری کی شہریت چھوڑنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
زلفی بخاری 1980 سے برطانوی شہری تھے۔ وہ آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر حصہ لیں گے۔
اس حوالے سے زلفی بخاری نے کہا ہے کہ ’اب عمران خان کے ساتھ مل کر حقیقی آزادی کی جدوجہد کروں گا۔ کہا جا رہا تھا کہ حکومت کے خاتمے پر پاکستان چھوڑ کر بھاگ جاؤ گا۔‘
انہوں نے کہا ’مشکل وقت میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔ برطانوی شہریت چھوڑنے کا فیصلہ ذاتی ہے۔‘
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ میں برطانیہ میں پیدا ہوا۔ میرا پورا خاندان وہاں ہے۔ برطانیہ میں کاروبار کیا وہاں سے بہت کامیابیاں ملیں۔ اب پاکستان کو ہماری ضرورت ہے۔
زلفی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان چھوڑ کر بھاگنے والے اسائلم لینے کے لیے کوشاں ہیں۔ انہیں بھی پاکستان واپس آنا ہو گا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ’زلفی بخاری حقیقی آزادی کی (جدوجہد) میں عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔‘
ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’آج برطانیہ نے زلفی بخاری کی شہریت چھوڑنے کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔ اس کے خلاف بہت زیادہ سازشی پروپیگنڈا کیا گیا کہ حکومت کی تبدیلی کی سازش کے بعد وہ برطانیہ بھاگ جائیں گے۔‘

شیئر: