Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہند اور مغربی ملکوں سے امداد ملتی ہے ،سابق طالبان ترجمان

راولپنڈی ... کالعدم تحریک طالبان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے کہا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کو ہند اورمغربی ملکوں سے بھی امداد ملتی ہے۔پاک فوج نے احسان اللہ احسان کا اعترافی ویڈیو بیان جاری کردیا۔ سابق ترجمان نے انکشاف کیا کہ افغانستان میں نقل وحرکت کیلئے طالبان کے پاس باقاعدہ پرمٹ تھا۔ تحریک طالبان غیروں کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے۔ تحریک طالبان ہندوستانی خفیہ ایجنسی ”را“ اور افغان خفیہ ایجنسی ”این ڈی ایس“ سے رابطے میں ہے ۔مغربی ممالک کی جانب سے بھی فنڈنگ ملتی ہے۔ افغان فوج اور این ڈی ایس پاکستان آنے میں مدد فراہم کرتے تھے۔ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کے بعد طالبان کی قیادت کے لئے مہم چلائی۔عمر خالد خراسانی اور فضل اللہ سمیت کئی لوگ قیادت چاہتے تھے لیکن قرعہ اندازی کے ذریعے فضل اللہ کو سربراہ بنایا گیا۔ سابق ترجمان نے کہا کہ طالبان نے اسلام کے نام پر لوگوں کو گمراہ کیا۔ اسلام کا نعرہ لگاتے تھے لیکن اس پر خود عمل درآمد نہیں کرتے تھے۔ہر کارروائی کی باقاعدہ قیمت وصول کی جاتی تھی۔ طالبان مخصوص مقاصد اور ایجنڈے کے لئے کام کر رہے ہیں۔عمر خالد خراسانی کہتا تھا کہ اگر اسرائیل سے بھی مدد ملی تو لوں گا۔احسان اللہ احسان نے اعترافی بیان میں واہگہ بارڈر، ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملے، گلگت بلتستان میں 9 غیر ملکی سیاحوں کے قتل اور کرنل شجاع خانزادہ پر حملے سمیت دہشت گردی کی 10 سے زائد وارداتوں کی ذمہ داری قبول کی۔ احسان اللہ احسان نے بتایا کہ پاک فوج کے حالیہ آپریشن سے افغانستان میں جماعت الاحرار کے کیمپس تباہ ہوئے اور کچھ کمانڈرز بھی مارے گئے۔ آپریشن کے باعث علاقہ چھوڑنا پڑا۔ واضح رہے کہ پاک فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سابق ترجمان احسان اللہ احسان نے خود کو سیکیورٹی فورسز کے حوالے کردیا ہے

شیئر: