اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا 10 ارب روپے کی پیشکش کا دعوی جھوٹا ہے۔ اگر ان میں ذرا بھی اخلاقی جرات ہے تو وہ 10 ارب کی پیشکش کرنے والے کام نام بتادیں۔ عمران خود اپنی قیمت لگا رہے ہیں اور اپنی نیلامی کر رہے ہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے الفاظ خود ان کے لئے نقصان دہ ہوتے ہیں۔ عمران خان نے اداروں کو گا لیاں دینے کی سیاست متعارف کرائی۔ اگر کوئی بات یا فیصلہ ان کے خلاف آئے تو وہ گالیاں دینا شروع کردیتے ہیں۔ لوگوں کی عزت اور پگڑیاں اچھالنے کی سیاست عمران نے شروع کی۔انہوںنے کہا کہ سوشل میڈیا پر ججوں کو متنازع بنانے کی مہم جاری ہے۔ عدلیہ کے فیصلے کی تضحیک کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ 90 دن میں احتساب کا دعوی کرنے والوں نے احتساب کمیشن کو گذشتہ ڈھائی سال سے تالے لگا رکھے ہیں۔