’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ‘، جمائمہ گولڈ سمتھ کی فلم کا ٹریلر جاری
فلم 27 جنوری 2023 کو برطانیہ میں سینیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی (فوٹو: سکرین گریب)
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ کی فلم ’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔
بدھ کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جمائمہ گولڈ سمتھ نے اپنے ٹویٹ میں فلم کا ٹریلر ریلیز کرتے ہوئے کہا کہ 'پیار میں گرنے سے بہتر ہے کہ پیار کر لیا جائے۔ وٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ کا آفیشل ٹریلر دیکھیں۔‘
’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟‘ رومانوی ڈرامہ نوعیت کی فلم ہے جس کی کہانی پاکستانی اور برطانوی خاندان کے گرد گھومتی ہے جنھیں رشتے کی تلاش ہے، فلم کے ٹریلر میں پاکستانی اور برطانوی ثقافت کا خوبصورت امتزاج دکھایا گیا ہے۔
’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ میں لِلی جیمز، شہزاد لطیف، شبانہ عظمی، سجل علی، عاصم چودھری اور ایما تھومپسن مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس فلم میں شامل پاکستانی اداکارہ سجل علی کے لیے یہ فلم بھی کسی اعزاز سے کم نہیں ہے کہ وہ بین الاقوامی فلم میں کام کر رہی ہیں۔
اس سے پہلے سجل علی انڈیا کی فلم 'موم' میں نوازالدین صدیقی، اکشے کھنہ اور سری دیوی کے ساتھ کام کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔
’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ‘ جمائمہ گولڈ سمتھ کی پروڈیوس کی ہوئی فلم ہے جسے لکھا بھی جمائمہ خان نے ہے جبکہ فلم کو شیکھر کپور نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
فلم 27 جنوری 2023 کو برطانیہ میں سینیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
جمائمہ گولڈ سمتھ کے ٹویٹ پر صارفین کی جانب سے بھی تبصرے دیکھنے میں آرہے ہیں۔
عبداللہ نامی صارف نے لکھا کہ 'بھابھی یہ فلم بہت اچھی لگ رہی ہے، امید کرتا ہوں فلم کے آخر میں ان کا (یعنی عمران خان) کا کیمیو بھی ہوگا۔'
سسی کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ 'پسندیدہ دیسی گرل دیسی گرل کا کردار ادا کررہی ہیں۔'
ایک اور صارف نمرہ نے ٹویٹ کی کہ 'اس میں سجل علی شامل ہیں، میں پہلے سے ہی اسے دیکھنے کے لیے تیار ہوں۔'